|

وقتِ اشاعت :   December 4 – 2016

کوئٹہ: نیشنل پارٹی کے مرکزی صدر و وفاقی وزیر برائے پورٹ اینڈشپنگ سینیٹر میرحاصل خان بزنجو نے تربت میں پارٹی کے شہید قومی رہنما ڈاکٹر یاسین بلوچ کے گھر فورسز کی جانب سے چھاپے کی شدیدالفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہید رہنما ڈاکٹر یاسین بلوچ اوراسکا خاندان جمہوری سیاسی روایات کا علم بردار رہا ہے اورایک سازش کے تحت انکے خاندان کو نشانہ بنایا گیا ہے ۔انہو ں نے کہاکہ فورسز کی اس طرح کے غیر سنجیدہ اقدامات سے غیر جمہوری سیاسی قوتوں کو تقویت ملتی ہے اس اقدام کو پارٹی ذمہ دار اداروں میں اٹھائے گی اورذمہ دار اہلکاروں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کریگی۔دریں اثناء وفاقی وزیر میر حاصل بزنجو نے کہا ہے کہ حزب اختلاف کی جماعتیں عدالت گئی ہیں تو اب فیصلہ اخلاقی بنیاد پر ہو یا جس بھی بنیاد پر بھی وہ عدالت کو ہی کرنا ہے۔ایک انٹرویومیں میر حاصل بزنجو نے کہا کہ ہماری اخلاقی اور سیاسی ذمہ داری ہے کہ ہم عدالت کا احترام کریں۔ایک دوسرے کو عدالتوں میں گھسیٹ کر جو کچھ ہم کر رہے ہیں اس کا نتیجہ کچھ بہتر نہیں ہو گا۔وفاقی وزیر نے کہا کہ پاناما لیکس پر ٹی او آرز بنانے کے معاملے میں ہم بطور سیاستدان کامیاب نہیں ہوئے جس کے نتیجے میں یہ معاملہ عدالت میں چلا گیا۔ان کا کہنا تھا کہ قطری شہزادے کا یا نہ ماننا بھی عدالت کی صوابدید ہے۔