|

وقتِ اشاعت :   December 5 – 2016

اٹلی میں وزیراعظم ماتیو رینزی نے آئین میں اصلاحات کے اپنے مجوزہ پلان کی عوامی ریفرنڈم میں ناکامی کے بعد اپنے عہدے سے استعفیٰ دینے کا اعلان کیا ہے۔ گذشتہ شب رات گئے ایک پریس کانفرنس میں انھوں نے اپنے فیصلے کا اعلان کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ اس نتیجے کی مکمل ذمہ داری لیتے ہوئے اپنا عہدہ چھوڑ رہے ہیں تاہم اصلاحات کے مخالفین کو اب واضح تجاویز پیش کرنی ہوں گی۔ ریاستی براڈ کاسٹر آر اے آئی کے ایگزٹ پول مطابق اصلاحات کی حمایت میں 42-46 فیصد ووٹ ڈالے گئے جبکہ ان کی مخالفت میں 54-58 فیصد ووٹ ڈالے گئے۔ ریفرینڈم میں ووٹوں کی گنتی جاری ہے تاہم ابتدائی نتائج میں اصلاحات کی حمایت کرنے والوں کو ایگزٹ پولز کے مقابلے میں زیادہ بڑی شکست کا سامنا ہے۔ وزیراعظم ماتیو رینزی نے اپنی پریس کانفرنس میں کہا کہ وہ پیر کی دوپہر وہ اپنی کابینہ کے اجلاس میں اراکین کو آگاہ کر کے صدر کے پاس اپنا استعفیٰ جمع کروا دیں گے۔ ماتیو رینزی ڈھائی سال تک اٹلی کے وزیراعظم رہے ہیں۔ توقع کی جا رہی ہے کہ صدر ان سے کہیں گے کہ وہ کم از کم آئندہ ماہ تک اپنی ذمہ داریاں نبھائیں جب تک پارلیمان اس سال کا بجٹ منظور نہیں کر لیتی۔