کوئٹہ: ہمیں کرپشن کے خلاف جہاد کا آغاز اپنی ذات سے کرنا ہو گا۔ بلوچستان حکومت کے ساتھ ملکر مختلف محکموں میں پائے جانے والے نقائص دور کئے جار ہے ہیں، کرپٹ عناصر کی یہ بھول ہو گی کہ وہ کرپشن کر کے قانون کی گرفت سے بچ جائیں گے۔ بلا امیتاز احتساب پر یقین رکھتے ہیں جہاں کرپشن ہو گی نیب حرکت میں آئے گا۔ ڈائر یکٹر جنرل نیب بلوچستان میجر ریٹائرڈ طارق محمود ملک کا بد عنوانی کے عالمی دن کی مناسبت سے منعقدہ تقریب سے خطاب ڈائر یکٹر جنرل نیب بلوچستان میجر ریٹائرڈ طارق محمود ملک نے خود احتسابی کی ضرورت پہ زور دیتے ہوئے کہا کہ ہمیں کرپشن کے خلاف جہاد کا آغاز اپنی ذات سے کرنا ہو گا۔ بلوچستان حکومت کے ساتھ ملکر مختلف محکموں میں پائے جانے والے نقائص دور کئے جار ہے ہیں، کرپٹ عناصر کی یہ بھول ہو گی کہ وہ کرپشن کر کے قانون کی گرفت سے بچ جائیں گے۔ بلا امیتاز احتساب پر یقین رکھتے ہیں جہاں کرپشن ہو گی نیب حرکت میں آئے گا۔ یہ بات انھوں نے بد عنوانی کے عالمی دن کی مناسبت سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی ۔ گورنر بلوچستان محمد خان اچکزئی ، اسپیکر بلوچستان اسمبلی راحیلہ حمید درانی، سابق ڈی جی نیب بریگیڈئیر مصدق عباسی ، وائس چانسلر بلوچستان یونیورسٹی جاوید اقبال ، بلوچستان بھر کے اسکول، کالجز اور یونیورسٹیز کے طلباء و طالبات بھی اس موقع پر موجود تھے۔ ڈائر یکٹر جنرل نیب بلوچستان طارق محمود ملک نے کہا کہ گھر معاشرے کی بنیادی اکائی ہے ، معاشرتی اداروں کی عمارت انہی اکائیوں سے ملکر بنتی ہے یہی وجہ ہے کہ ہمیں کرپشن کا خاتمہ کرنے کے لئے آغاز اپنی ذات سے اور اپنے گھر سے کرنا ہو گا۔ اگر ہم خود احتسابی کی راہ پر گامزن رہے تو میں پر اُمید ہوں کہ ایسادن ضرور آئے گا، جب رشوت لینے والے کو ببانگ دہل راشی کہا جائے گا اورایماندار شخص کی عزت چار سو ہو گی۔ انھوں نے کہا جہا ں ادارے مضبوط ہو ں وہا ں ترقی اپنا راستہ خود بناتی ہے۔بلوچستان میں مختلف اداروں کے رولز کے تفصیلی جائزے کے بعد متعلقہ اداروں میں پائے جانے والے نقائص کا خاتمہ کیا جا رہا ہے۔ جس سے بد عنوانی کا قلع قمع کیا جا سکے گا۔ نیب کی یہ کوشش ہے کہ مفادِ عامہ کے منصوبوں کو تعطل اور کرپشن سے ہر صورت بچایا جا سکے، تاکہ ان منصوبوں کی ثمرات عام آدمی تک پہنچ سکیں۔ ڈی جی نیب نے کہا کہ قومی احتساب بیورو کرپشن کے خلاف زیرو ٹالرنس کے جذبے سے بر سر پیکار ہے کرپٹ عناصر کی یہ بھول ہو گی کہ وہ کر پشن کر کے قانون کی گرفت سے بچ جائیں گے۔ کہ قومی احتساب بیورو حکومت کے ساتھ مل کے کرپشن کے خاتمے کے لئے اپنی ذمہ داریاں انتہائی جانفشانی سے ادا کر رہا ہے۔ نیب بلا امتیاز احتساب پر یقین رکھتا ہے جہاں بھی کرپشن ہو گی نیب اُس پر خلاف کاروائی کرے گا۔ انھوں نے کہا کہ بد عنوانی کے خلاف معاشرے کے تمام طبقات کی شرکت ہی قومی احتساب بیورو کی آگاہ مہم کا حاصل ہے۔آپ سب کی شرکت ہمارے لیے یہ پیغام ہے کہ آپ سب کرپشن کے خلاف ہمارے معاون ہیں اور آپ بھی بد عنوانی کے خاتمے کے اتنے ہی متمنی ہیں جتنا کہ احتساب بیورو ہے۔ انھوں نے کہا کہ میں آپکو یاد دلاتا چلوں کہ ہم اپنے اصلاف کی ان خوبصورت روایات کے امین ہیں جنکی بنیاد پر یہ ملک حاصل کیا گیا تھا۔ جب تک ہم اُن روایات اور اقدار پر عملی طور پر عمل پیرا نہیں ہوتے کرپشن کا ناسور ہماری جڑیں کاٹتا رہے گا۔