کوئٹہ: وزیراعلی بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری نے کہا ہے کہ انسانی حقوق کے تحفظ کے ذریعے ہی انصاف پر مبنی معاشرہ کی تشکیل ممکن ہے ۔ مساوات ، انصاف کی فراہمی اور معاشرے کے تمام افراد کو حاصل یکساں حقوق کے تحفظ کی تعلیم دین اسلام کی بنیادہے جبکہ اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کے چارٹر اور قراردادوں کی روسے بھی دنیا بھر کے انسانوں کو ہر طرح کے حقوق حاصل ہیں ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے انسانی حقوق کے عالمی دن کے موقع پر اپنے ایک پیغام میں کیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا ہے کہ دنیا بھر کے انسانوں کو جینے کا حق ، اظہار رائے کی آزادی ، معاشی ، سماجی اور ثقافتی حقوق ، سماجی تحفظ ، تعلیم ، صحت اور حق خود ارادیت حاصل ہیں جن معاشروں میں انسانی حقوق کو تحفظ حاصل نہیں ہوتا ان معاشروں میں بگاڑ پیدا ہوجاتا ہے ۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ پیغمبر انسانیت حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم نے پوری انسانیت کیلئے انسانی حقوق کا ابدی اور لافانی پیغام دیا ہے اور اسلام سماجی انصاف اور امن کی اعلیٰ اقتدار کے فروغ کا درس دیتا ہے انہوں نے کہا کہ آج ہمیں جن سماجی مسائل کا سامنا ہے ان کی ایک بڑی وجہ انسانی حقوق کی پامالی بھی ہے انسانی حقوق کا عالمی دن مناتے ہوئے ہمیں اس عہد کی تجدید کرنا ہوگی کہ معاشرے کے ہر فرد کو اس کے بنیادی حقوق کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے اور انصاف پر مبنی معاشرے کی تشکیل میں حکومت کے ساتھ ساتھ سول سوسائٹی بالخصوص بااثر حلقے بھی اپنا کردار ادا کریں۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ صوبائی حکومت انسانی حقوق کے تحفظ کیلئے عملی اقدامات کو یقینی بنارہی ہے اور اس حوالے سے ضروری قانونی سازی کا عمل بھی جاری ہے ۔ وزیراعلیٰ نے انسانی حقوق کے تحفظ کے عالمی دن کی مناسبت سے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی افواج کے ہاتھوں کشمیری عوام کے انسانی حقوق کی پامالی کی شدید مذمت کرتے ہوئے انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں ، دنیا بھر کے ممالک اور بالخصوص اقوام متحدہ سے مطالبہ کیا ہے کہ کشمیری عوام پر جاری ظم و بربریت اور ان کے حقوق کی پامالی کا نوٹس لیا جائے اور کشمیر کے حوالے سے اقوام متحدہ اپنی قراردادوں پر عملدرآمد کو یقینی بنائے۔