|

وقتِ اشاعت :   December 10 – 2016

کوئٹہ: پاکستان تحریک انصاف بلوچستان کے صدر سردار یار محمد رندنے کہا ہے کہ 2018ء میں عوام نے اپنے مقدر کے فیصلے خود کرنے ہونگے موجود ہ حکومت کی جانب سے اداروں کو یرغمال بناکرانتخابی دھاندلی کی ر اہ ہموار کر لی گئی ہے اور موجودہ حکمرانوں کی موجودگی میں صاف و شفاف و غیر جانبدارانہ انتخابات کی توقع نہیں تاہم اسکا مطلب یہ بھی نہیں کہ ہم خاموش ہوکر بیٹھ جائیں گے عوام کے حقوق کا آخری دم تک بھر پور دفاع کرینگے قومی اسمبلی کی 14نشستوں سے ملکی فیصلہ سازی میں بلوچستان کا کردار فیصلہ کن نہیں لہذا آئینی ترامیم کی صورت میں بلوچستان کے حقوق کا دفاع ضروری ہے ایوان بالا بحث کا فورم ضرور ہے لیکن فیصلہ سازی کا نہیں ضرور ت اس امر کی ہے کہ فیصلہ ساز ادارے یعنی قومی اسمبلی میں بلوچستان کوفیصلہ کن نمائندگی دی جائے۔ان خیالات کا اظہارانہوں نے جمعہ کوپارٹی کے آفیشل پیج پر دیئے گئے براہ راست انٹرویو میں کیا۔ سردار یار محمد رند نے کہا کہ سی پیک ملک کی تاریخ میں معاشی و اقتصادی ترقی کا اہم منصوبہ ہے تاہم اس میں بلوچستان کے لوگوں کو محض مزدوری کے کام دیکر یہاں کے لوگوں کے معاشی حالات نہیں بدلے جاسکتے سی پیک سے استفادہ کرنے کیلئے یہاں کے لوگوں کو باہنر بنانا ضروری ہے ۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے ساحل و وسائل کے تحفظ کا نعرہ لگاکر یہاں کے معصوم لوگوں کے جذبات سے کھیلا گیااور ووٹ بٹورے گئے لیکن کوئی عملی اقدامات نہیں ہوئے پی ٹی آئی وہ واحد قومی پارٹی ہے جس نے بلوچستان کے ساحل و وسائل کے تحفظ کی آئینی جنگ اسلام آباد کے ایوانوں میں لڑنے کا فیصلہ کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ کچھی کینال بلوچستان میں زرعی ترقی کا وہ عظیم منصوبہ ہے جس سے صوبے کی9لاکھ بنجر اراضی سیراب ہوگی اور لگ بھگ اڑھائی لاکھ خاندان اس سے استفادہ کرسکتے ہیں یہ منصوبہ دنیا کے کامیاب ترین قابل عمل منصوبوں میں شامل ہے تاہم موجودہ حکمرانوں کو اس منصوبے میں کمیشن ملنے کے امکانات کم ہیں جس کی وجہ سے اس منصوبے میں کوئی دلچسپی نہیں لی جارہی ہے مشرف دور حکومت میں اس منصوبے کیلئے سالانہ اتنے فنڈز مختص کئے جاتے تھے جو موجودہ حکومت پانچ سالوں میں کر رہی ہے ۔انہوں نے کہا کہ قوم پرستوں نے عوام کو شدید مایوس کیا ہے اور صوبے کے عوام پسماندگی کے اندھیروں میں گرے ہوئے ہیں ہمارا تہیہ ہے کہ بلوچستان میں حکومت سازی کا موقع ملاتو عوام کو گڈگورننس کا ایسا تحفہ دیں گے جس میں تعلیم، صحت اور بنیادی ضروریات زندگی اولین ترجیحات میں شامل ہونگی اس موقع پر سوشل میڈیا ببلوچستان کے سیکرٹری شایان منظور ،ماجد خان ،سیکرٹری پبلک افیئر بابر یوسفزئی ،پی ٹی آئی کے سینئر رہنما سردارخادم حسین وردگ بھی موجود تھے۔