کوئٹہ: بلوچستان کے گڈانی شپ بریکنگ یارڈ میں گذشتہ ماہ آتشزدگی کے واقعہ کی انکواری رپورٹ تیار کرلی گئی رپورٹ ایک دو روز میں وزیر اعلی بلوچستان کو پیش کردی جائے گی واقعہ میں تیس سے زائد مزدور جان بحق جبکہ ستر زخمی ہوگئے تھے ۔نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق یکم نومبر کو گڈانی شپ بریکنگ یارڈ میں بحری جہاز کوتوڑنے کے دوران ہونے والے دھماکہ اور آگ نے تیس سے زائد مزدور جان لے لی تھی جبکہ ستر سے زائد زخمی ہوئے تھے ،صوبائی حکومت نے سیکرٹری خزانہ اکبر حسین درانی کی سربراہی میں پانچ رکنی انکوائری کمیٹی تشکیل دی تھی جس نے ایک ماہ میں واقعہ کی تحقیقات کرکے اپنی رپورٹ تیار کرلی ہے رپورٹ میں واقعہ کے ذمہ داروں کا تعین بھی کیا گیا جبکہ واقعہ میں تحریب کاری کے امکان کو مسترد کرتے ہوئے اسے انسانی غفلت ،لاپروائی قرار دیا گیا ہے ۔رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ جہاز پر دوہزار لیٹر پیڑول کی موجودگی کے باوجود جہاز کی کٹائی کاکام کیا گیا اور کوئی احتیاطی تدابیر اختیار نہیں کی گئیں ۔رپورٹ میں گڈانی شپ بریکنگ یارڈ میں مزدوروں کو شپ بریکنگ کی جدید سہولیات اور طبی سہولیات کے فقدان پر بھی تشویش کا اظہار کیا گیا ہے ۔رپورٹ میں گڈانی شپ بریکنگ میں مستقبل میں ایسا واقعات کی روک تھام اور شپ بریکنگ کے حوالے سے جدید طریقے اپنانے کے حوالے سے تجاویز بھی دی گئی ہیں انکوائری رپورٹ وزیراعلی بلوچستان کی منظوری کے بعد عام کی جائے گی ۔