|

وقتِ اشاعت :   December 11 – 2016

کوئٹہ : پاکستان تحریک انصاف کے صوبائی صدر سرداریارمحمدرند نے کہاہے کہ انسانی حقوق کے تحفظ کیلئے انصاف پرمبنی معاشرے کاقیام ضروری ہے دین اسلام کی بنیادی تعلیمات کامحورانصاف ومساوات پرمبنی ایک ایسے معاشرے کی تشکیل ہے جہاں بلا امتیاز ہرغریب اورامیر کوانصاف کی فراہمی بلاتعطل ممکن ہوسکے ۔انسانی حقوق کے عالمی دن کے موقع پرجاری بیان میں سرداریارمحمد رند نے کہاکہ انسانی حقوق کاابتدائی درس ہمارے دین اسلام نے ہمیں دیاہے جبکہ آئین پاکستان میں بھی انسانی حقوق سے متعلق جامع دفعات موجودہیں تاہم میرٹ کی پامالی اوربدعنوانی کی پھیلی معاشرتی وباء نے ملک کے اداروں سمیت اخلاقی ومذہبی اقدار کوبھی شدید نقصان پہنچایاہے اورانہی معاشرتی ناانصافیوں اورانصاف کی عدم فراہمی نے انسانی حقوق کی پامالی کی راہ ہموارکی ہے ۔انہوں نے کہاکہ عوامی سطح پر رویوں میں اسوقت ہی تبدیلی ممکن ہے جب حکمران اورعام فرد کیلئے ایک ہی قانون ہوگا۔انسانی حقوق کی پامالی ان معاشرتی رویوں کی عکاس ہے جوقانون کی کمزورگرفت اورامتیازی سلوک کے باعث جنم لیتے ہیں ۔انہوں نے کہاکہ انسانی حقوق کے عالمی دن کی مناسبت سے اقوام متحد ہ اورانسانی حقوق کے عالمی دعویداروں کومقبوضہ کشمیر کے نہتے عوام پربھارتی جارحیت کانوٹس لیناہوگااورپوری دنیا میں یکساں طورپرہرفرد کے بنیادی حقوق کوتسلیم کرکے دہرامعیار ختم کرناہوگا۔