|

وقتِ اشاعت :   December 14 – 2016

کوئٹہ: وزیراعظم میاں محمد نوا زشریف کے دورہ پشین کے لئے بلوچستان حکومت نے عوامی خزانہ پانی کی طرح بہادیا۔ وزیراعظم کے قیام کیلئے ریسٹ ہاؤس پشین کی تزائین و آرائش ، فرنیچر اور قالین کی خریداری پر 60لاکھ روپے سے زائد خرچ کرڈالے ۔ وزیراعظم نے مصروفیات کے باعث پشین کا دورہ ملتوی کردیا۔ نجی ٹی وی نے سرکاری ذرائع کے حوالے سے اپنی رپورٹ میں بتایا ہے کہ وزیراعظم میاں نواز شریف نے منگل کو بلوچستان کے دو روزہ پر بلوچستان آنا تھا یہاں انہوں نے ہوشاب اور تربت کے دورے کے علاوہ پشین میں ایک رات قیام بھی کرنا تھا۔ اس سلسلے میں ریسٹ ہاؤس پشین کا انتخاب کیا گیا تھا ۔ وزیراعظم کے قیام کے پیش نظر ریسٹ ہاؤس کی تزائین و آرائش کی گئی۔ پرانے فرنیچر کی جگہ نیا اور مہنگا فرنیچر خریدا گیا جن میں بیڈ،گیس ہیٹر ، گارڈ ن چیئر اور صوفے شامل ہیں۔ گارڈ ن چیئر زخاص طور پر لاہورسے منگوائی گئیں ۔ آٹھ بیڈ فی عدد ڈیڑھ لاکھ روپے میں خریدئے گئے ۔ 10گیس ہیٹر فی عدد 45ہزار روپے میں خریدے گئے۔ وزیراعظم کے دورے سے پشین شہر کی قسمت بھی جاگ اٹھی۔ شہر کی سڑکوں کی صفائی و ستھرائی کے علاوہ وال چاکنگ اور خیرمقدمی بینرز بھی لگائے گئے ۔ جبکہ ریسٹ ہاؤس سے متصل ڈپٹی کمشنر، اسسٹنٹ کمشنر کی رہائشگاہوں کو بھی اعلیٰ کوالٹی کے پینٹ وال پیپرزاور مہنگے کارپٹ سے سجایا گیا ۔