کوئٹہ: حکومت بلوچستان کے ترجمان نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت شدید خشک سالی کے باعث ضلع گوادر اور گردونواح کے ڈیموں میں پانی کی کمی کی صورتحال پر نہ صرف گہری نظر رکھے ہوئے ہے بلکہ گوادر کے عوام کومتبادل ذرائع سے پانی کی فراہمی کو یقینی بنانے کے اقدامات بھی کررہی ہے جس کیلئے وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری نے مطلوبہ فنڈز کے اجراء کے منظوردیدی ہے ترجمان نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ گوادر میں موجود فعال ٹیوب ویلوں اور واٹر پمپس کے ذریعہ عوام کو پانی فراہم کیا جارہا ہے۔ وزیراعلیٰ نے گوادر کی پانی کی ضروریات کو پورا کرنے کیلئے جامع پروگرام کی منظوری بھی دیدی ہے اور ان کی واضح ہدایت ہے کہ عوام کو کسی صورت پانی کی قلت کا سامنا نہ کرنا پڑے اور اس حوالے سے تمام متبادل ذرائع بروئے کار لائے جائیں۔ ترجمان نے کہا ہے کہ حکومتی اقدامات کی بدولت گوادر میں پانی کی فراہمی کی صورتحال جلد مزید بہتر ہوجائے گی۔