|

وقتِ اشاعت :   December 20 – 2016

کوئٹہ : سیکریٹری صحت نورالحق بلوچ کی ہدایت کی روشنی میں ایڈیشنل سیکریٹری صحت عبدالرؤف بلوچ کی زیرصدارت بلوچستان مین تین نئے میڈیکل کالجز کو مکمل فعال اور ان میں تدریسی عمل شروع کرنے کے حوالے سے اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں پی ایم ڈی سی کے سربراہ پروفیسر ڈاکٹر شبیر احمد لہڑی، چیف پلاننگ آفیسر عبدالرسول زہری، ڈپٹی سیکریٹری درہ بلوچ کے علاوہ متعلقہ حکام نے شرکت کی۔ اجلاس سے بات چیت کرتے ہوئے سیکریٹری صحت عبدالرؤف بلوچ نے کہا کہ بلوچستان میں طب کے شعبے میں عملی اقدامات کے تناظر میں حکومت بلوچستان نئے میڈیکل کالجز کو جلد ازجلد فعال کرنے کے لئے دستیاب وسائل بروئے کار لارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تین نئے میڈیکل کالجز جو کہ خضدار، لورالائی اور کیچ میں قائم ہونے ہیں وہاں پر کنسٹرکشن کا کام آخری مراحل میں ہے جبکہ ان میں پرنسپل اور فیکلٹی ممبران کے چناؤ کے لئے پی ایم ڈی سی کے رولز کے تحت کاروائی عمل میں لائی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان میڈیکل کالجز میں تدریسی عمل عنقریب شروع ہوں گے اور اس کے لئے تمام محکمانہ کاروائی عمل میں لائی جارہی ہے۔ ان کے تدریسی عمل میں جہاں پر صوبے بھر میں ڈاکٹرز کی کمی پر قابو پایا جاسکے گا تو دوسری طرف دوردراز علاقے کے لوگوں کو جدید صحت کی سہولیات میسر آسکیں گی۔ پی ایم ڈی سی کے سربراہ وپرنسپل بولان میڈیکل کالج پروفیسر شبیراحمد لہڑی نے پی ایم ڈی سی کی طرف سے ہرممکن تعاون کا یقین دلایا جس پر صوبائی محکمہ صحت نے ان کا شکریہ ادا کیا۔