|

وقتِ اشاعت :   December 20 – 2016

کوئٹہ : پاکستان مسلم لیگ(ن) کے رکن صوبائی اسمبلی میر عامر رند نے وزیراعظم پاکستان میاں محمدنوازشریف اور وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ زہری سے اپیل کی ہے کہ وہ بلوچستان میں تلور کی شکار پر پابندی کیلئے احکامات دیں تاکہ تیار فصلیں تباہی سے دوچار نہ ہو،کوئٹہ پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ 5سال قحط سالی کے بعد اس سال ان کے حلقہ انتخاب میں اچھی زرعی فصلیں ہوئی ہیں جن کی کٹائی کا وقت آن پہنچاہے لیکن اب حکومت کی جانب سے قطری شہزادوں کو تلو ر کے شکار کیلئے اجازت دیدی گئی ہے جس کی وجہ سے ان کی کھڑی فصلیں تباہ ہوجائینگی جو علاقے کے عوام کی معاشی قتل عام کے مترادف ہوگا کسی کے تفریح کیلئے ہم اپنے لوگوں کا معاشی قتل عام ہوتا نہیں دیکھ سکتے ،انہوں نے الزام عائد کیاکہ چیف سیکرٹری بلوچستان اور قائم مقام ڈپٹی کمشنر جھل مگسی اور ڈی سی کچھی کی جانب سے حالات کو خراب کرنے کی کوشش کی جارہی ہے جس کا وزیراعلیٰ بلوچستان کو نوٹس لینا چاہئے ہم وزیراعظم پاکستان اور وزیراعلیٰ بلوچستان سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ قطری شہزادوں کو ہمارے علاقے میں تلور کے شکار کرنے سے روکے تاکہ لوگوں کا معاشی قتل عام نہ ہو،انہوں نے کہاکہ اس فیصلے کے خلاف لوگوں کی بڑی تعداد سراپا احتجاج ہے اس لئے اس معاملے کو سنجیدگی سے لیاجاناچاہئے ،میر عامر رند کاکہناتھاکہ صوبائی وزیر جنگلات نے بھی تلور کے شکار کی اجازت کے حوالے سے لاعلمی اور لاتعلقی ظاہر کردی ہے ۔