اسلام آباد : صدر نیشنل پارٹی میر حاصل بزنجو نے کہا ہے کہ بلوچ عوام کا مطالبہ ہے کہ غیر ملکیوں کو نکالا جائے ہم صرف پاکستانیوں کی مردم شماری چاہتے ہیں۔نیشنل پارٹی کے صدر میر حاصل بزنجو میڈیا سے بات چیت کے دوران محمود اچکزئی پر تنقیدکرتے ہوئے کہا کہ محمود اچکزئی اور ہماری سیاست الگ الگ ہے،ہماری پارٹی نے ہمیشہ پاکستانیوں کے حق میں آواز اٹھائی ہے تاہم ایک پارٹی کے سربراہ نے اپنے ملک کے عوام کو پس پشت ڈالتے ہوئے حکومت سے افغانیوں کی شہریت کا مطالبہ کیا ہے جو اپنے عوام کے ساتھ سراسر ناانصافی ہے۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان اور خیبر پختونخوا میں مردم شماری کو روکا جائے ٗہم صرف پاکستانیوں کی مردم شماری چاہتے ہیں کیونکہ ملک میں غیر ملکیوں کی موجودگی کے باعث شفاف مردم شماری ناممکن ہے اور ان کی موجودگی پاکستان کے عوام کے حقوق پر ڈاکہ ڈالنے کے مترادف ہے، یہی وجہ ہے کہ بلوچ عوام غیر ملکیوں کو نکالنے کا مطالبہ کر رہی ہے