|

وقتِ اشاعت :   December 24 – 2016

پرتگال کے شہرہ آفاق فٹ بالر کرسٹیانو رونالڈو نے شام کے شہر حلب اور دیگر جنگ زدہ علاقوں میں بچوں کو خوراک، ادویات اور نفسیاتی امراض کے علاج میں مدد کے لیے مہم میں شرکت کرتے ہوئے ان کو ‘حقیقی ہیروز’ قرار دے دیا۔ کرسٹیانو رونالڈو نے فیس بک پر شام کے بچوں کے نام ویڈیو پیغام میں کہا کہ ‘ہم جانتے ہیں کہ آپ مشکلات کا شکار رہے ہیں، میں ایک مشہور کھلاڑی ہوں لیکن آپ حقیقی ہیروز ہیں’۔ حال ہی میں سال کے بہترین فٹ بالر کا ایوارڈ حاصل کرنے والے رونالڈو نے اپنے پیغام میں کہا کہ’آپ امید نہیں ہاریں، دنیا آپ کے ساتھ ہے، ہمیں آپ کا خیال ہے اور میں آپ کے ساتھ ہوں’۔
https://www.facebook.com/Cristiano/videos/10154944622562164/ رونالڈو نے اپنی بہترین کارکردگی کی بنا پر گزشتہ ہفتے ریال میڈرڈ کو کلب ورلڈ کپ کا چمپیئن بنوا یا تھا جبکہ اس سے قبل چوتھی مرتبہ بیلن ڈی اور حاصل کرکے میسی کا ریکارڈ برابر کیا تھا۔ پرتگال کی ٹیم نے ان کی قیادت میں رواں سال یورپین کپ جیتا جبکہ ان کے اہم گول کی بدولت ریال میڈرڈ نے چمپیئنز لیگ اپنے نام کی تھی۔ شام کے بچوں کے لیے مہم چلانے والے نک فینی کا کہنا تھا کہ ‘رونالڈو نہ صرف دنیا کے عظیم کھلاڑی ہیں بلکہ وہ دنیا کے لاکھوں بچوں کی امید کا محور بن گئے ہیں’۔ بحالی کے کاموں میں مصروف تنظیموں کے مطابق شام میں گزشتہ پانچ سالہ جنگ میں جان سے ہاتھ دھو بیٹھنے والے 3 لاکھ افراد میں 15 ہزار کے قریب بچے بھی شامل تھے۔