|

وقتِ اشاعت :   December 28 – 2016

کوئٹہ : بلوچستان کی حکومت نے جعلی اور غیر معیاری ادویات کیخلاف فیصلہ کن جنگ لڑنے کا فیصلہ کیا ہے صوبائی حکومت نے ڈرگ انسپکٹروں کو یہ واضح ہدایات جاری کی ہیں کہ جعلی اور غیر معیاری ادویات کیخلاف 15روز زبردست مہم چلائی جائے اور اس کی یقین دہانی کرائی جائے کہ اسٹورز پر جو بھی ادویات فروخت ہونگی وہ معیاری اور اصلی ہونگی مریضوں کیلئے جعلی ادویات کے استعمال کا مکمل خاتمہ کیا جائیگا یہ فیصلہ کوالٹی کنٹرول بورڈ کے اجلاس میں کیا گیا جو کوئٹہ میں منعقد کیا گیا جس کی صدارت ایڈیشنل سیکرٹری صحت ڈاکٹر عبدالرؤف بلوچ نے کی بورڈ کے اجلاس میں یہ تصدیق کی گئی کہ صرف کوئٹہ شہر میں جعلی، غیر معیاری ادویات کے فروخت کیخلاف 95مقدمات نہ صرف درج کئے گئے بلکہ ان کو ڈرگ کورٹ میں روانہ کردیا گیا رپورٹ میں یہ بھی انکشاف ہوا ہے کہ گزشتہ 48گھنٹوں میں 41نئے مقدمات درج ہوئے اور مقدمہ کی پیروی کیلئے ڈرگ کورٹ کو روانہ کئے گئے اسی تناظر میں بورڈ نے یہ اہم فیصلہ کیا کہ وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ زہری کی ہدایات پر عمل کیا جائے اور اس مہم کو پورے صوبے میں چلایا جائے چپہ چپہ میڈیکل اسٹورز میں اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ وہاں صرف اور صرف حقیقی اور معیاری ادویات فروخت ہونگی اگر کوئی اسٹور کا مالک جعلی اور غیر معیاری ادویات فروخت کرتے ہوئے گرفتار ہوا تو نہ صرف اس کی دکان سیل کی جائیگی بلکہ اس کو قید اور جرمانے کی بھی سزائیں دی جائیں گی یہ مہم جعلی ادویات، غیر معیاری، غیر رجسٹرڈ شدہ ادویات کیخلاف چلائی جائے گی خصوصاً ان میڈیکل اسٹورز کے خلاف بھر پور کارروائی ہوگی جو سرکاری ہسپتالوں سے چوری شدہ ادویات فروخت کرتے ہوئے پائے گئے اس معاملے میں مقامی پولیس کو خصوصی اختیارات بھی دیئے گئے اور یہ مقدمات ایس ایچ او کی مدعیت میں درج ہونگے۔