|

وقتِ اشاعت :   December 28 – 2016

کوئٹہ: ڈیرہ بگٹی اور آواران میں مسلح افراد کی فائرنگ سے دو افراد جاں بحق ، جبکہ کوہلو میں بم دھماکے سے چھ افراد زخمی ہوگئے، اس کے علاوہ قلعہ سیف اللہ میں فورسز نے تین مشتبہ افراد کو گرفتار کر لیا ،اطلا عا ت کے مطا بق گزشتہ روز ضلع آ وران کے علا قے ول سو رک میں مسلح افراد نے فا ئرنگ کر کے ایک شخص فتح محمد کو قتل کر دیا اور فرار ہو گئے واقعہ کی وجو ہات سے متعلق تفتیش جا ری ہے ۔ادھرآواران کے ہی علاقے تیرتیج میں سلمان نا می شخص کو مسلح موٹرسائیکل سواراغوا کر کے اپنے ہمرا ہ لے گئے ہیں اس سلسلے میں تحقیقات کا سلسلہ جا ری ہے،ڈیرہ بگٹی کے علاقے مرو میں برجان نالہ کے قریب نامعلوم مسلح افراد نے پٹو خان کے گھر میں گھس کر اندھا دھند فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں پٹو خان ولد ساول خان نوتانی بگٹی موقع پر ہی جاں بحق جبکہ اس کی اہلیہ برا بی بی اور بیٹا مری خان زخمی ہوگئے۔ فائرنگ کے بعد ملزمان فرار ہوگئے۔ لاش اور زخمیوں کو سول اسپتال ڈیرہ بگٹی پہنچایا گیا۔ لیویز کے مطابق واقعہ میں کالعدم تنظیم کے کارندے ملوث ہیں ۔ دوسری جانب ضلع کوہلو کے علاقے میں ایوب مارکیٹ کی چھت پر نامعلوم افراد نے بم نصب کر رکھا تھا اور اس وقت دھماکا کیا جب وہاں چھ افراد چھت پر بیٹھ کر گفتگو کررہے تھے ۔ دھماکے سے چھ افراد زخمی ہوگئے جن میں وڈیرہ تاج ولد دالان خان لوہارانی مری ، شاہ نواز ولد حاجی الون پوادی ، محمد جان ولد حاجی خان پوادی، شاہ بلال ولد میر عبدالصمد بجرانی اور سلیم عرف ڈیوڈ ولد سنبل مسیح شامل ہیں۔ اطلاع ملنے پر ایف سی موقع پر پہنچ گئی اور زخمیوں کو اسپتال پہنچایا جبکہ جائے وقوعہ سے ایک شخص کو بھی حراست میں لے لیا گیا۔ پانچ زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد کے بعد ملتان منتقل کردیا گیا،ادھرقلعہ سیف اللہ میں ایف سی اور حساس ادارے نے تین مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا۔ سیکورٹی ذرائع کے مطابق قلعہ سیف اللہ سے تقریباً تیس کلو میٹر دور کلی اسوکئی میں حساس ادارے اور ایف سی نے چھاپہ مار کر دو افراد سرگل اور عالم کو گرفتار کرلیا ۔ جبکہ ایک مشتبہ شخص عزیز اللہ نے بھاگنے کی کوشش کی جس پر ایف سی اہلکاروں نے فائرنگ کرکے اسے زخمی کردیا اور گرفتار کرکے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا گیا۔