|

وقتِ اشاعت :   December 30 – 2016

بیجنگ : وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری نے بلوچستان میں سی پیک کے مختلف منصوبوں کی پیشرفت پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ صوبائی حکومت اور بلوچستان کے عوام صوبے میں سی پیک کے حوالے سے جاری سرگرمیوں کی بھرپور حمایت کرتے ہیں۔ گوادر بندرگاہ اور فری زون تیزی سے ترقی کے منازل طے کررہے ہیں۔ حال ہی میں گوادر تا خضدار اور شہید سکندر آباد (سوراب)سڑکوں کی تعمیر سے بلوچستان کے عوام کیلئے ترقی کے روشن امکانات پیدا ہوچکے ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے اقتصادی راہداری کی مشترکہ رابطہ کمیٹی کے چھٹے اجلاس کے دوران اظہار خیال کرتے ہوئے کیا ۔ وائس چےئرمین این ڈی آر سی مسٹر وانگ ژاؤ ٹاؤ(Mr. Wang Xiaotao) وفاقی وزیر پروفیسر احسن اقبال،دیگر صوبوں کے وزراء اعلیٰ، چیف سیکرٹری بلوچستان سیف اللہ چٹھہ، وائس چےئرمین بلوچستان بورڈ آف انویسٹمنٹ خواجہ ہمایوں نظامی ، وفاقی وصوبائی حکام اور چینی عہدیدار اجلاس میں شریک تھے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ جے سی سی کے اجلاس میں شرکت ان کیلئے باعث افتخار ہے جس میں کوئٹہ ماس ٹرانزٹ پراجیکٹ کے حوالے سے ابتدائی معاہدے کو حتمی شکل دی جارہی ہے وزیراعلیٰ نے سی پیک میں نوکنڈی، ماشکیل، پنجگور شاہراہ، کوئٹہ واٹر پراجیکٹ اور بلوچستان میں صنعتی زونوں کی ترقی کے منصوبوں کی شمولیت پر اطمینان کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ گوادر کے عوام کی جانب سے سماجی شعبے کی ترقی کے حوالے سے تعاون اور باہمی شراکت داری کو سراہا گیا ہے جس سے گوادر کے رہائشیوں اور چینی عوام کے درمیان دوستی اور اعتماد کو فروغ حاصل ہوا ہے۔ وزیراعلیٰ نے اس حوالے سے مستقبل میں بھی بلوچستان میں سماجی شعبے کی ترقی میں باہمی تعاون کے فروغ کی ضرورت پر زور دیا ۔ انہوں نے سی پیک کے تحت گوادر میں جاری مختلف منصوبوں جن میں نیو گوادر انٹر نیشنل ائر پورٹ، گوادر پورٹ سٹی ماسٹر پلان ، گوادر واٹر سپلائی پراجیکٹ اور ایسٹ بے ایکسپریس وے پراجیکٹ شامل ہیں پر کام کی سست روی کا حوالہ دیتے ہوئے قوی امید ظاہر کی کہ ان منصوبوں پر فوری توجہ دیتے ہوئے جاری کام کی رفتار کو تیز کیا جائے گا ۔ وزیراعلیٰ نے اس موقع پر این ڈی آر سی کے وائس چےئرمین مسٹر وانگ ژاؤ ٹاؤ(Mr. Wang Xiaotao)اور جے سی سی کے دیگر اراکین کو حکومت بلوچستان کے مہمان کی حیثیت سے گوادر اور بلوچستان کے دورے کی دعوت بھی دی۔ جبکہ انہوں نے پاکستانی وفد کی بیجنگ میں گرم جوش مہمان نوازی پر چینی حکام کا شکریہ ادا کیا۔