|

وقتِ اشاعت :   December 31 – 2016

کوئٹہ: پاکستان تحریک انصاف بلوچستان کے صدرسرداریار محمد رند نے سی پیک منصوبوں میں صوبے کے اہم زرعی منصوبے کچھی کینال کو شامل نہ کرنے پر صوبائی حکومت پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ کچھی کینال دنیا کے کامیاب ترین قابل عمل منصوبوں کی فہرست میں شامل ہے جس میں زرعی پیداوار میں خود کفالت اور روزگار کی فراہمی کے ساتھ ساتھ حکومتی ریونیو میں اضافے کی گرانٹی موجود ہے اوریہ منصوبہ ابتدائی دہائی میں ہی اپنی کاسٹ واپسی کی استعداد کا حامل ہے تاہم بیجنگ میں ہونے والے رابط کمیٹی کے چھٹے اجلاس کے ترقیاتی اجنڈے میں کچھی کینال جیسے اہم معاشی و زرعی منصوبے کو نظر انداز کردیا گیا۔ یہ بات انہوں نے جمعہ کو این این آئی سے بات چیت کرتے ہوئے کہی سردار یارمحمد رند نے کہا کہ وفاقی حکومتی ارباب اختیار گردن میں سریا لگائے بیٹھے ہیں جنہیں اپنے مفادات کے سوا کچھ نظر نہیں آتا لیکن اس اہم منصوبے کو نظر انداز کرنے پر صوبائی حکومت کی چشم پوشی باعث تعجب ہے ۔سردار رند نے کہا کہ وفاقی وزیر ترقی و منصوبہ بندی غلط بیانی میں خاصی مہارت کے حامل ہیں جو سفید جھوٹ کوسچ کرکے پیش کرنے کی پروفیسرانہ صلاحیت رکھتے ہیں تاہم وزیراعلیٰ بلوچستان کو کچھی کینال جیسا اہم منصوبہ سی پیک میں نظر انداز نہیں کرنا چاہئے تھا اس سے لگتا ہے کہ صوبائی حکومت دانستہ طور پر حقیقی معاشی ،اقتصادی ترقی کے پائیدار منصوبوں کو دانستہ طور پر نظر انداز کررہی ہے ۔انہوں نے کہا کہ کچھی کینال سے متعلق موجودہ حکومت کی پالیسی قصداً اس منصوبے کو ناقابل عمل قرار دیکر بند کرنے کی ہے اور اہم اقتصادی فورمز پر کچھی کینال کو نظر انداز کرنے کا عمل ان خدشات کو پختہ دلیل سے ثابت کرتی ہے۔