|

وقتِ اشاعت :   December 31 – 2016

نوشکی : نوشکی کے عوام پارلیمانی سال کے تین چوتھائی گزرنے کے باوجود اپنے نمائندے کے منتظر ہیں، قومی اسمبلی کی نشست پر کامیاب ہونیوالے رکن قومی اسمبلی پشتونخوا میپ کے رہنماء عبدالرحیم مندوخیل اپنی کامیابی کے بعد سے کہاں ہیں اورکیا کر رہے ہیں ، اس تمام صورتحال سے حلقے کے عوام نہ صرف لاعلم ہیں بلکہ وہ اس انتظار میں ہیں کہ شایدان کا نمائندہ کسی بھی وقت آکر ڈرامائی انداز میں ان کے تمام مسائل معجزانہ طور پرحل کریں گے بلکہ ان کے علاقے کواپنے انتخابی منشور کے تحت ترقی یافتہ بنا کر پورے صوبے بلکہ ملک کو حیران کردیں گے، رکن قومی اسمبلی رحیم مندوخیل سے ان کے حلقے کے عوام کی قبل از الیکشن بھی ملاقات اور ان سے شناسائی نہیں تھی ، بس وہ آئے اور چھاگئے اور الیکشن جیت کر پھر اس طرح گئے کہ پھر پہلے کی طرح نظر ہی نہیں آئے، حلقے کے عوام کا کہنا ہے کہ ہمیں اپنے نمائندے سے ایسے ہی مسائل کے فوری اور انقلابی حل کی توقع ہے، جیسا کہ انہوں نے الیکشن میں حلقے میں آئے بغیر الیکشن جیت کر سب کو حیران کردیا، نوشکی کے عوام کا کہنا ہے کہ رکن قومی اسمبلی کا اپنی کامیابی کے بعد حلقے میں نہ آنا کسی بھی طرح جمہوری وسیاسی عمل نہیں، اپنے حلقے سے لاعلم رہنا اور اس ضمن میں ملنے والے فنڈزاور ترقیاتی منصوبوں کو دیگر علاقوں میں خرچ کرنے سمیت ہڑپ کرنے کا عمل عوام کسی صورت قبول نہیں کریں گے، عوام کا کہنا ہے کہ موصوف نے آج تک پارلیمنٹ میں بھی نہ صرف اپنے حلقے کے مسائل اجاگر نہیں کئے بلکہ صوبے کے حوالے سے بھی کوئی موقف نہیں رکھ سکے ہیں، نوشکی کے عوام نے مطالبہ کیا ہے کہ رکن قومی اسمبلی کا احتساب کر کے علاقے کے حوالے سے جاری فنڈز ترقیاتی منصوبوں کی دیگر علاقوں میں منتقلی اور رکن قومی اسمبلی کی اس لاعلمی کا نوٹس لیا جائے