اسلام آباد: سپریم کورٹ میں جاری پانامہ کیس کی سماعت کے لیے وزیراعظم اور ان کے بچوں نے ایک مرتبہ پھر اپنے وکیل تبدیل کرلیے ہیں۔
سپریم کورٹ میں جاری پانامہ کیس کی سماعت کے لیے وزیراعظم اور ان کے بچوں نے وکیل تبدیل کرلیے ہیں، پانامہ کیس میں حسین نواز اور حسن نواز کے وکیل اکرم شیخ کی جگہ اب سلمان اکرم راجہ وکالت کریں گے جب کہ حسن نواز نے وکیل تبدیلی کی درخواست بھی جمع کرادی ہے۔
وزیراعظم نواز شریف اور مریم صفدر نے بھی اپنے اپنے وکلا تبدیل کر لیے ہیں اور پانامہ کیس کی آئندہ سماعت پر وزیر اعظم کی جانب سے پانامہ کیس میں مخدوم علی خان جب کہ مریم نواز اور کیپٹن صفدر کی وکالت شاہد حامد کریں گے۔ اس کے علاوہ سلمان اسلم بٹ اب عدالت میں اسحاق ڈار کے وکیل کی حیثیت سے پیش ہوں گے۔
واضح رہے کہ اس سے قبل وزیراعظم کا کیس سابق اٹارنی جنرل سلمان اسلم بٹ لڑ رہے تھے جب کہ وزیراعظم کے بچوں کی وکالت اکرم شیخ ایڈووکیٹ کر رہے تھے۔