|

وقتِ اشاعت :   January 5 – 2017

کوئٹہ : احتساب عدالت کوئٹہ ون کے جج جناب عبدالمجید ناصر نے نیب حکام کو ہدایت کی ہے کہ وہ اگلی سماعت پر بلوچستان میگا کرپشن کیس سے متعلق ریفرنس اور سابق مشیر خزانہ میر خالد لانگو کو عدالت میں پیش کرے ۔گزشتہ روز سماعت شروع ہوئی تو سابق سیکرٹری خزانہ مشتاق احمد رئیسانی اورٹھیکیدارسہیل مجید عدالت میں پیش ہوئے تاہم سابق مشیر خزانہ میر خالدلانگو پیش نہ ہوسکے ،جیل وارڈ کے انچارج حبیب اللہ نے عدالت میں میر خالد لانگو کا میڈیکل سرٹیفکیٹ پیش کیا اور کہاکہ میر خالد لانگو بیمار ہے اس لئے عدالت ان کی پیشی سے استثنیٰ کی درخواست میڈیکل سرٹیفکیٹ کی روشنی میں منظور کرے اس پر عدالت کے جج نے ان سے مکالمہ کرتے ہوئے کہاکہ میر خالد لانگو کا وزن کام ہوگیاہے جس پر انہوں نے کہاکہ نہیں ایسا محسوس نہیں ہوتا تاہم میڈیکل سرٹیفکیٹ ڈاکٹرز کی تیار کردہ ہے جن کے کام میں وہ مداخلت نہیں کرسکتے جس پر عدالت نے نیب اور جیل وارڈ حکام کوہدایت کی کہ وہ اگلی سماعت پر میر خالد لانگو کو عدالت میں پیش کرے تاکہ وہ خود بھی دیکھے کہ وہ کتنے بیمار ہے اس موقع پر عدالت نے نیب کے اسپیشل پراسیکیوٹر راشد زیب گولڑا سے کیس کے ریفرنس سے متعلق استفسار کیاتووہ بولے کہ ریفرنس کو چیئرمین نیب کے دستخط کیلئے اسلام آباد بھجوایاگیاہے جیسے ہی دستخط کے بعد ریفرنس انہیں موصول ہوگا وہ اس سے عدالت میں پیش کردینگے جس پرعدالت نے انہیں آخری موقع دیتے ہوئے سماعت کو 17جنوری تک ملتوی کرنے کے احکامات دے دئیے۔واضح رہے کہ بلوچستان میگا کرپشن کیس میں گرفتار سابق سیکرٹری خزانہ بلوچستان مشتاق احمد رئیسانی اور ٹھیکیدار سہیل مجید کی پلی بارگین سے متعلق درخواست کی نیب حکام کی جانب سے منظوری دی جاچکی ہے تاہم گزشتہ دنوں مشتاق احمد رئیسانی کی پلی بارگین سے متعلق نیب حکام نے عدالت میں درخواست جمع کی تو اسے عدالت نے اعتراضات لگا کر واپس کردیا تاہم سہیل مجید کی جانب سے پلی بارگین کی درخواست نیب نے عدالت ہذاء میں جمع نہیں کرائی نیب حکام کاکہناہے کہ کیس سے متعلق ریفرنس عدالت میں جلد جمع کردیاجائیگا تاہم ابھی تک ریفرنس عدالت میں جمع نہیں کیاجاسکاہے ،مذکورہ کیس میں اس وقت سابق مشیر خزانہ ،سابق سیکرٹری خزانہ ،ٹھیکیدار سہیل مجید اور دیگر کو حراست میں لیاگیا تھا جس وقت سابق سیکرٹری خزانہ مشتا ق احمد رئیسانی کے گھر سے نیب نے کارروائی کے دوران 65کروڑروپے سے زائد کی ملکی وغیر ملکی کرنسی ،سونا پرائز باؤنڈز برآمد کئے تھے ،مذکورہ ملزمان کی جانب سے دائرکردہ ضمانت کی درخواستیں بھی عدالت عالیہ سے مسترد کی جاچکی ہے