|

وقتِ اشاعت :   January 5 – 2017

انقرہ: شام کے شمالی علاقے میں ترک فوج کے فضائی حملوں اوراس کے حمایت یافتہ شامی باغیوں کے ساتھ جھڑپوں میں داعش کے 32 جنگجو ہلاک ہوگئے۔ ترک فوج نے ایک بیان میں کہا ہے کہ اس کے لڑاکا طیاروں نے 24 گھنٹوں کے دوران میں داعش کے 4 اہداف کو بمباری کرکے تباہ کردیا ہے۔ روس کے لڑاکا طیاروں نے بھی داعش کے زیر قبضہ قصبے الباب کے جنوب مغرب میں 8 کلومیٹر دورواقع دائرکاک کے علاقے پربمباری کی ہے۔ دریں اثنا پارلیمنٹ میں حکمراں جماعت آق کے ارکان اسمبلی سے خطاب کرتے ہوئے ترکی کے وزیراعظم بن علی یلدرم نے داعش کے خلاف جنگ میں اپنے امریکی اتحادی کو کڑی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ داعش کے خلاف جاری جنگ میں امریکا کو جو کردار ادا کرنا چاہیے تھا وہ نہیں کیا گیا، امریکا شام میں کردوں کے عسکری گروپ پیپلز پروٹیکشن یونٹ کی مدد کرنا چھوڑ دے، داعش کے مقابلے میں ترکی کو تنہا چھوڑ دیا گیا۔ وزیراعظم بن علی یلدرم نے کہاکہ دنیا اٹھتے بیٹھتے داعش کا تذکرہ کرتی ہے مگرخطرے سے نمٹنے کے لیے عملی اقدامات نہیں کیے جاتے۔ترکی ان سے پوچھتا کہ ہمیں داعش کے مقابلے میں اکیلا کیوں چھوڑا گیا۔