|

وقتِ اشاعت :   January 6 – 2017

خضدار : وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری نے اعلان کیا ہے کہ بلوچستان کے نوجوانوں کو 25سے 30ہزار ملازمتیں میرٹ کی بنیاد پر فراہم کی جائیں گی جس کی حتمی منظوری صوبائی کابینہ 10جنوری کو منعقدہ اجلاس میں دیگی جبکہ وزیراعلیٰ کا کہنا ہے کہ گوادر میں قائم ہونے والی صنعتوں میں صوبے کے 10ہزار سے زیادہ نوجوان روزگار حاصل کرسکیں گے۔ نوجوانوں کو فنی تربیت کی فراہمی کیلئے مختلف اضلاع میں قائم 26ٹیکنیکل ٹریننگ انسٹی ٹیوٹس کو جدید اور فعال بنایا جائے گا ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے یہاں سی پیک کے حوالے سے منعقدہ سیمینار سے اپنے خطاب اور سیمینار میں شریک اینکر پرسنز سے گفتگو میں کیا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ صوبے کے آج کے حالات میں گذشتہ چھ سال کے مقابلے میں نمایاں بہتری آئی ہے 2013 میں جب ہم نے حکومت سنبھالی تو صورتحال ایسی نہیں تھی خضدار میں مہینوں تک بازار بند رہتے تھے حتیٰ کے میڈیکل سٹور بھی نہیں کھولے جاتے تھے، خوف اور دہشت کا عالم تھا تاہم ہم نے فوج ، سیکورٹی فورسز اور عوام کے تعاون سے امن قائم کردیا ہے اس پر اب کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا، دہشتگردی اور سنگین جرائم میں ملوث عناصر کا صفایا کریں گے، انہوں نے کہا کہ پہاڑوں پر جانے والوں میں سے بہت سے لوگ واپس آچکے ہیں اور امن اور عزت کی زندگی بسر کررہے ہیں جو لوگ ابھی بھی پہاڑوں پر موجود ہیں ہم انہیں ایک بار پھر سے قومی دھارے میں شامل ہونے کی دعوت دیتے ہیں تاہم انہوں نے یہ واضح کیا کہ کسی کو بندوق کے ذریعے اپنا نظریہ مسلط کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی ۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ ہماری تاریخ قربانیوں سے بھری پڑی ہے میں اور میرا خاندان بھی دہشت گردی کا شکار ہوئے ہیں تاہم میرا ایمان ہے کہ زندگی اور موت اللہ کے ہاتھ میں ہے اور قیامت کے دن میر اشہید بیٹا میرا ہاتھ پکڑ کر مجھے جنت میں لے جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ جھالاوان کی سرزمین پر پیدا ہونے والوں نے ہمیشہ خطے کی حفاظت کی ہے اور ہم بھی اس روایت کو برقرار رکھیں گے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ سی پیک ہماری معاشی شہ رگ ہے کوئی کتنا بھی زور آور کیوں نہ ہو اسے اپنی معاشی شہ رگ پر چھری نہیں چلانے دیں گے،انہوں نے معروف اینکر پرسن سلیم صافی کے گذشتہ شب بذریعہ سڑک کراچی سے خضدار پہنچنے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اب دن رات صوبے کی شاہراہوں پر بلا خوف سفر کیا جاسکتا ہے جس کے شاہد باہر سے آنے والے لوگ خود ہیں۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ اقتدار عارضی ہے ایسے کام کرکے جانا چاہتے ہیں کہ لوگ ہمیں اچھے نام سے یاد رکھیں۔ وزیراعلیٰ نے سیمینار میں اپنے خطاب کے اختتام پر پاکستان زندہ باد کے بلند آواز نعرے بھی لگوائے۔