|

وقتِ اشاعت :   January 8 – 2017

کوئٹہ : بلوچستان اسمبلی نے میانمار میں مسلمانوں پر ہونے والے ظلم کے خلاف مشترکہ قرار متفقہ طور پر منظور کرلی ، موبائل فون کی خرید و فروخت کے لئے اصل خریداری رسید اور قومی شناختی کارڈ کی کاپی لازمی قرار دینے سے متعلق قرار داد بھی متفقہ طور پر منظور جبکہ رسالہ لائن لورالائی کے معاملے پر پارلیمانی کمیٹی تشکیل دیدی گئی ۔ بلوچستان اسمبلی کا اجلاس آدھے گھنٹے کی تاخیر سے سپیکرراحیلہ حمیددرانی کی زیر صدارت شروع ہوا۔جس میں وزیر تعلیم عبدالرحیم زیارتوال نے اپنی اور نواب محمدخان شاہوانی کی مشترکہ قرار داد پیش کی ۔ قرار داد میں صوبائی حکومت سے سفارش کی گئی تھی کہ وہ وفاقی حکومت سے رجوع کرے کہ تمام نئے و پرانے موبائل فونز کی خریدو فروخت کے لئے اصل خریداری رسید بمعہ خریدار کی مصدقہ شناختی کارڈ کی نقل کو سختی سے نافذ کیا جائے تاکہ موبائل چوری کی روک تھام کو یقینی بنایا جاسکے۔قرار داد پر اظہار خیال کرتے ہوئے عبدالرحیم زیارتوال نے کہا کہ اس قرار داد کا بنیادی مقصد یہ ہے کہ ہمارے ہاں موبائل فون کی چوری اور اس کے غلط استعمال کے جو واقعات بڑھتے جارہے ہیں ان کی راہ روکی جاسکے انہوں نے کہا کہ موبائل فونز کی خریدوفروخت کاکاروبار د ن بدن بڑھتا جارہا ہے مگر کوئی نظام نہیں ہے موبائل فون کون خریدتا ہے پرانا فون کون بیچ رہا ہے کوئی ڈیٹا نہیں اس لئے ضروری ہے کہ قومی شناختی کارڈ کی کاپی اور اصل خریداری رسید کی شرط لاگو کی جائے تاکہ موبائل فونز کے غلط استعمال کو روکا جاسکے۔ نصراللہ زیرئے نے کہا کہ موبائل فونز کے غلط استعمال سے بہت سارے مسائل جنم لے رہے ہیں اور بہت زیادہ واقعات بھی ہوتے ہیں یہ اہم قرار داد ہے جو منظوری ہونی چاہئے تاکہ ہر دکاندار کے پاس مکمل ڈیٹا ہو مکمل ڈیٹا دستیاب ہونا چاہئے موبائل فونز کی طرح موبائل سموں کا بھی غلط استعمال ہوتا ہے جے یوآئی کے سردار عبدالرحمان کھیتران نے کہا کہ یہ ایک اچھی اور اہم قرار داد ہے لیکن اس میں بہت سی چیزیں واضح نہیں انہی موبائل فونز کے ذریعے دھماکے ہوتے ہیں اغواء کے واقعات اور دہشت گردی کانیٹ ورک انہی موبائل فونز سے چلتا ہے اس لئے اس حوالے سے اقدامات اٹھائے جانے چاہئیں انہوں نے کہا کہ موبائل فونز کی سمگلنگ کا ایک بہت وسیع کاروبار ہے بعض ایسی موبائل فون کمپنیاں ہیں جن کے موبائل فون یہاں 20ہزار میں ملتے ہیں مگر افغانستان میں یہی موبائل فون15ہزار کا ملتا ہے وہاں سے وسیع پیمانے پر ان موبائل فونز کو خرید کر کوئٹہ لایا جاتا ہے اور کوئٹہ سے پھر یہ موبائل فونز پنجاب والے خرید کر لے جاتے ہیں نہ صرف یہ قرار داد پاس ہونی چاہئے بلکہ اس کے ساتھ ساتھ سپیکر آفس سے متعلقہ اداروں کو ایک کورنگ لیٹر بھی جانا چاہئے انہوں نے کہا کہ موبائل فونز کی سمگلنگ رک جائے تو موبائل فونز کا80فیصد غلط استعمال بھی رک جائے گا اراکین کے اظہار خیال کے بعد ایوان نے متفقہ طور پر اس قرار داد کو منظور کرلیا ۔ میانمار کے مسلمانوں پر ظلم و ستم کے خلاف مشترکہ قرار داد پشتونخوا میپ کے آغا سید لیاقت نے پیش کی جس میں کہا گیا تھا کہ بنگلہ دیش کی سرحد کے قریب میانمار کے جنوبی علاقے میں بسنے والے لاکھوں مسلمانوں پر عرصہ حیات تنگ کردیا گیا ہے ان کا قتل عام کرکے اجتماعی قبروں میں انہیں دفنایا جارہا ہے خواتین اور محصور بچوں کو بھی انتہائی اذیت ناک ظلم و ستم کا نشانہ بنایا جارہا ہے اس کے باوجود اقوام متحدہ ، سلامتی کونسل اور ایمنسٹی انٹرنیشنل سمیت دیگر ادارے مسلمانوں کے ساتھ ہونے والے اس انسانیت سوز سلوک پر خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں قرار داد میں وفاقی حکومت سے مطالبہ کیا گیا تھا کہ وہ اس انسانی مسئلے کو بین الاقوامی سطح پر اٹھانے کے لئے ضروری اقدامات اٹھائے ۔ قرار داد کی موزونیت پر بات کرتے ہوئے آغا لیاقت کا کہنا تھا کہ افسوسناک طورعالمی برادری اور اقوام متحدہ میانمار کے مسلمانوں پر ہونے والے ظلم و بربریت پر خاموش ہے انہوں نے کہا کہ کچھ عرصہ قبل انڈونیشیاء کے ایک جزیرے میں تھوڑا سا ظلم ہوا تو عالمی برادری نے فوراً نوٹس لے لیا تھا اقوام متحدہ یو رپی یونین ایمنسٹی انٹرنیشنل سب نے اپنے نمائندے وہاں بھیجے اور اس جزیرے کو آزادحیثیت دلا کر اسے یورپی یونین کاممبر بنایا گیا مگر یہاں میانمار کے مسلمانوں پر ہونے والا ظلم و ستم کسی کو نظر نہیںآ تا جو افسوسناک ہے ۔ اپوزیشن رکن سردار عبدالرحمان کھیتران نے قرار داد کی حمایت کرتے ہوئے تجویز دی کہ اسے مشترکہ قرار داد کی صورت منظور کیا جائے انہوں نے کہا کہ مسلمانوں پر ہونے والا ظلم کسی کو نظر نہیں آتا جبکہ وہ ملک جو سب سے بڑی جمہوریت ہونے کا دعویدار ہے وہاں بھی اقلیتوں پر ظلم ہورہا ہے ہمارے صوبے کو اسی نام نہاد بڑی جمہوریت نے تباہی کے دہانے پر لا کھڑا کیا ہے انہوں نے کہا کہ دنیا بھر میں جہاں بھی انسانو ں پر ظلم ہوتا ہے قابل مذمت ہے میانمار شام ہر جگہ ظلم ہورہا ہے اقوام متحدہ کو اس پر بات کرنی چاہئے اقوام متحدہ میں ہمارے عارضی اور مستقل مندوب ہیں وفاقی حکومت کو چاہئے کہ اقوام متحدہ میں اس مسئلے کوا ٹھائے وزیر منصوبہ بندی و ترقیات ڈاکٹر حامد خان اچکزئی نے کہا کہ یہ انتہائی اہم قرار داد ہے انسان اشرف المخلوقات ہے ہماری وفاقی حکومت سے درخواست ہے کہ وہ اس مسئلے کو ہر انسانی جمہوری فورم پر اٹھائے ہیومن رائٹس ، اقوام متحدہ، او آئی سی ہر فورم پر اس مسئلے کو اٹھانا چاہئے اور اس پر بات کرنی چاہئے مجلس وحدت المسلمین کے آغا رضا نے کہا کہ برما میں انسانی خون سے جو ہولی کھیلی جارہی ہے قابل مذمت ہے ہم قرار داد کی حمایت کرتے ہیں پاکستان مسلم لیگ(ق)کے شیخ جعفرخان مندوخیل نے کہا کہ عالمی اداروں کی خاموشی سمجھ سے بالاتر ہے پوری دنیا میں مسلمانوں پر ظلم و ستم جاری ہے لیبیا ، شام ، عراق افغانستان ہر جگہ مسلمان مررہے ہیں برما میں انسانیت سوز طریقے سے مسلمانوں کو مارا جارہا ہے ہمارے فرائض میں شامل ہے کہ ہم اس پر آواز اٹھائیں ہمیں برما کی فکر کرنی چاہئے اس پر ہر جگہ صدائے احتجاج بلند کرنی چاہئے انہوں نے بوسنیا ہر ز گوینا کے مثال دی اور کہا کہ برما میں مسلمانوں پر جاری ظلم عالمی ضمیر جھنجھوڑنے کے لئے کافی ہے سپیکر راحیلہ حمید خان درانی نے کہا کہ یہ توجہ طلب اور اہمیت کی حامل قرار داد ہے جس میں ترمیم کرتے ہوئے اسے اراکین کی رائے سے پورے ایوان کی جانب سے لایا جاتا ہے جس کے بعدا راکین نے مشترکہ قرار داد کی منظوری دے دی پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے رکن نصراللہ زیرئے نے پوائنٹ آف آرڈر پر رسالہ لائن لورالائی کے بعض گھرانوں کا مسئلہ اٹھاتے ہوئے کہا کہ رسالہ لائن کنٹونمنٹ بورڈ کے تحت آتا ہے جس میں سویلین رہائشی بھی ہیں یہ وہ لوگ ہیں جو وہاں تین چار عشروں سے آباد ہیں ان کے ساتھ کنٹونمنٹ حکام نے ایک معاہدہ بھی کیا تھا جس میں ان پر کرایہ رکھا گیا تھا یہ لوگ وہ کرایہ بھی دیتے آئے ہیں مگر کچھ عرصہ قبل انہیں نوٹس دیتے ہوئے مکانات خالی کرنے کا کہا گیا جب نوبت ان کے گھروں کی مسماری تک آپہنچی تو انہوں نے احتجاج شروع کردیا وہ اس وقت بھی نیشنل پریس کلب اسلام آباد کے باہر احتجاج کررہے ہیں مظاہرین میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں انہوں نے کہا کہ وہ خود بھی گزشتہ دنوں اسلام آباد گئے اور وہاں مظاہرین سے ملے اس سلسلے میں وزارت داخلہ اور کنٹونمنٹ حکام سے بات کرنی چاہئے سردار عبدالرحمان کھیتران نے کہا کہ اسلام آباد میں جو احتجاج کررہے ہیں وہ ہمارے بچے ہیں انہیں بے گھر نہ کیا جائے اگر اتنا ہی ضروری ہے تو پہلے ان کے لئے متبادل جگہ کا بندوبست کیا جائے صوبائی وزیر شیخ جعفرخان مندوخیل نے کہا کہ گھر گرانا زیادتی ہے ان کے لئے متبادل جگہ کا بندوبست کیا جائے کیونکہ موسم کی شدت ہمارے سامنے ہے اس موسم میں وہ کہاں جائیں گے صوبائی وزیر عبدالرحیم زیارتوال نے کہا کہ ا سردی میں وہ لوگ گھروں سے نکل کر کہاں جائیں گے سیکرٹری داخلہ اس حوالے سے متعلقہ حکام سے تفصیلات معلوم کریں اور ایک پارلیمانی کمیٹی تشکیل دی جائے جو تمام صورتحال کا جائزہ اور مسئلے کا حل نکالے جس کے بعد سپیکر نے اس مسئلے پر پارلیمانی کمیٹی کی تشکیل کی رولنگ دیتے ہوئے کہا کہ تمام پارلیمانی رہنماؤں کی مشاورت سے کمیٹی کے اراکین کے نام فائنلائز کریں گے۔ پوائنٹ آف آرڈر پر بات کرتے ہوئے سردار عبدالرحمان کھیتران نے ایوان کی توجہ سابق مشیر خزانہ میر خالد لانگو کی خرابی صحت کی جانب مبذول کراتے ہوئے کہا کہ ہسپتال کو سب جیل قرار دیا گیا ہے جہاں ان کا علاج بھی ہورہا ہے7نومبر کو میڈیکل بورڈ نے ان کے معائنے کے بعد انہیں علاج کا مشورہ دیا ان کی کمر کا مسئلہ ہے اگر ان کا علاج فوری طو رپر نہیں کرایا گیا تو 90فیصد خدشات ہیں کہ وہ پیرالائز( مفلو ج ) ہوجائیں گے۔