کوئٹہ: عوامی سیاسی و سماجی حلقوں نے گذشتہ روز منعقد ہونے والے صوبائی کابینہ کے اجلاس میں 25ہزار سے زائد اسامیوں کی منظوری سمیت گوادر کے حوالے سے کئے گئے فیصلوں اور لورالائی خصدار اور تربت کے میڈیکل کالجز میں کلاسز کے آغاز کا خیر مقدم کرتے ہوئے وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری اور صوبائی کابینہ کا شکریہ ادا کیا ہے۔ عوامی سیاسی و سماجی حلقوں میں یہ تاثر پایا جاتا ہے کہ صوبے کی تاریخ میں پہلی مرتبہ اتنے بڑے پیمانے پر صوبے کے نوجوانوں کے لئے روزگار کے مواقعوں کی فراہمی ایک انقلابی اقدام ہے جو وزیراعلیٰ بلوچستان کے جرات مندانہ فیصلوں اور دانشمندانہ قیادت کا مظہر ہے کابینہ کے فیصلوں پر عملدرامد سے ایک جانب تو صوبے سے بیروزگاری کا خاتمہ ممکن ہوگا تو دوسر جانب گوادر کے حوالے سے کئے گئے فیصلوں اور بلوچستان کے 12اہم منصوبوں کی اقتصادی راہداری میں شمولیت سے صوبہ بھر میں تعمیر و ترقی کے نئے دور کا آغاز ہوگا بالخصوص گوادر فری زون میں صنعتی سرگرمیوں کا آغاز، کوئٹہ ماس ٹرانزٹ ٹرین کے منصوبے سے شہریوں کو جدید آرام دہ اور سفر کی سستی سہولت کی فراہمی اور کوئٹہ کو پٹ فیڈر سے پانی کی فراہمی کے منصوبے سے کوئٹہ کو پانی کی کمی کے سنگین مسئلے کا دیرپا بنیادوں پر حل ممکن ہوسکے گا۔ حلقوں کا کہنا ہے کہ نواب ثناء اللہ خان زہری کی قیادت میں صوبائی حکومت نے گذشتہ ایک برس کے قلیل عرصہ میں صوبے میں دیرپا امن کے قیام، وفاقی حکومت کے تعاون کے حصول اور صوبے کی ترقی کے لئے جامع بنیادوں پر منصوبہ بندی اور عملدرآمد کی نظیر ماضی میں نہیں ملتی جسکے باعث صوبے کے عوام میں تحفظ اور اطمینان کا احساس اجاگر ہوا ہے جس کا تمام تر کریڈٹ وزیراعلیٰ بلوچستان کو جاتا ہے۔