کوئٹہ: پاکستان پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنماؤں نے کہا ہے کہ کرپٹ اور بدعنوان حکمرانوں نے عوام کو غربت کی دلدل میں دھکیل دیا ہے ہم ان کرپٹ حکمرانوں کو بتانا چاہتے ہیں کہ انکا احتساب ہوگا ،قوم پرست جماعتیں عوام سے ووٹ لیکر انہیں بھول گئی ہیں ترقیاتی کاموں کیلئے آنے والے فنڈز خوربرد کی نظر ہورہے ہیں ،2018ء کے انتخابات میں پیپلز پارٹی کامیابی حاصل کرکے چاروں صوبوں اور وفاق میں حکومت بنائے گی اور جن لو گوں نے دوسروں کا کندھا استعمال کر کے اقتدار حاصل کیا ہے ان کی ضمانتیں ضبط ہونگی۔یہ بات پاکستان پیپلزپارٹی بلوچستان کے صدر حاجی علی مدد جتک ، صوبائی جنرل سیکرٹری سید اقبال شاہ ،پریس سیکرٹری سردارسربلند جوگیزئی ،ملک عبدالحمیدکاکڑ،ثناء اللہ جتک ،حاجی شکر خان بڑیچ ،محمد عثمان مینگل نے لوڑ کاریز میں علی احمد کرد ، حاجی بشیراحمد کرد، رحمت اللہ کرد ، محمد سلیم کرد ، نذر کرد ، نوراحمد کرد،غلام مصطفی مینگل ، حفیظ مینگل ، داد محمدمینگل ، محمدقاسم مینگل ، غلا م محمد مشوانی ، داد محمد مشوانی،زاہد مشوانی ، عبدالغفور بنگلزئی ،حاجی عبدالمنان اچکزئی ، حاجی عبدالرحمن اچکزئی ،عبدالغفار اچکزئی ،محمداقبال بنگلزئی اور ریا ض احمد بنگلزئی کی اپنے سینکڑوں ساتھیوں سمیت بی این پی اور دیگر سیاسی جماعتوں سے مستعفی پیپلز پارٹی میں شمولیت کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ تقریب میں شہزادہ کاکڑ، یعقوب زیارت وال، جیلانی شاد،چوہدری شان سلامت اوردیگر نے بھی شرکت کی۔حاجی علی مدد جتک نے کہا کہ پیپلز پارٹی غریبوں ،مزدوروں اور مڈل کلاس کے طبقے کی سیاسی جماعت ہے جس نے ہمیشہ عوام کے حقوق کیلئے جدوجہدکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے اپنے پانچ سالہ دور اقتدار میں صوبوں کو صوبائی خودمختاری دی 1973ء کے آئین کواسکی اصل شکل میں بحال کیاپیپلز پارٹی نے دوراقتدار میں سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں 250فیصد تک اضافہ کیا لیکن موجودہ حکمرانوں نے چار سال کے دوران صرف 21فیصداضافہ کیا جو اونٹ کے منہ میں زیرے کے مترادف ہے تو دوسری طرف ارکان پارلیمنٹ کی تنخواہوں میں کئی سو فیصد اضافہ کیا گیا ہے جو شرمناک عمل ہے۔انہوں نے کہا اسلام ہمیں قوم پرستی کی اجازت نہیں دیتا لیکن قوم پرستوں نے عوام کو جھوٹے نعروں اور وعدوں کے ذریعے ورغلاکر اقتدارحاصل کیا لیکن وہ اقتدار میں آنے کے بعد عوام کو بھول گئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ حکمرانوں نے ملک بھر میں تین لاکھ سے زائد افرادکو بے روزگار کیا پیپلز پارٹی جب بھی اقتدار میں آئی ہے اس نے عوام کو بے روزگار کرنے کی بجائے انہیں ملازمتیں فراہم کیں۔