|

وقتِ اشاعت :   January 18 – 2017

کوئٹہ:احتساب عدالت نے بلوچستان خزانہ کیس میں آئندہ سماعت پر ریفنس دائر کرنے اور سابق مشیر خزانہ خالد لانگو کو پیش کرنے کا حکم دیدیا۔ بلوچستان میگا کرپشن کیس کی سماعت کوئٹہ کی احتساب عدالت میں ہوئی۔ سابق سیکرٹری خزانہ بلوچستان مشتاق رئیسانی اور ٹھیکیدار سہیل مجید کو عدالت میں پیش کیا گیا۔ جبکہ سابق مشیر خزانہ بلوچستان میر خالد لانگو صحت کی خرابی کے باعث سماعت میں حاضر نہ ہو سکے۔سول استپال کے جیل وارڈن کی جانب سے خالد لانگو کا میڈیکل سرٹیفکیٹ پیش کیا گیا۔عدالت نے استفسار کیا کہ خالد لانگو اسمبلی کے اجلاس میں آتے ہیں تو عدالت میں کیوں نہیں۔ اس پر جیل وارڈ کے انچارج نے بتایا کہ خالد لانگو کے دائیں بازو اور بائیں ٹانگ میں تکلیف ہے۔ سابق مشیر خزانہ اسمبلی گئے تھے تاہم ان کی طبعیت مزید بگڑ گئی۔ عدالت نے میڈیکل سرٹیفکیٹ کی بنیاد پر خالد لانگو کو حاضری سے ایک دن کا استثنیٰ دیتے ہوئے حکم دیا کہ آئندہ سماعت پر خالد لانگو کو ہر صورت پیش کیا جائے۔ ملزمان کے خلاف ریفرنس دائر کرنے میں تاخیر پر احستاب عدالت کے جج عبد المجید ناصر نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے نیب حکام کو حکم دیا کہ دستاویزات مکمل کرکے آئندہ سماعت پر ریفرنس دائر کیا جائے۔ کیس کی سماعت 31 جنوری تک ملتوی کر دی گئی۔