|

وقتِ اشاعت :   January 19 – 2017

کوئٹہ:جمعیت علماء اسلام کے مرکزی رہنماء و سینیٹر حافظ حمد اللہ نے کہا ہے کہ گزشتہ چار سال سے جب ہم کہہ رہے ہیں کہ صوبائی حکومت عوام کے مسائل حل کرنے میں مکمل طور پر ناکام ہے جس کی تصدیق حکومت میں شامل ارکان نے خود کرلی ہے جس کے پاس حکومت کے ہوتے ہوئے حکومتی کارکردگی سے مایوس ہو ایسے میں کیا وہ حکومت دعویٰ کرسکتی ہے کہ وہ صوبے کی ایک کامیاب حکومت ہے ‘یہ بات انہوں نے خصوصی بات چیت کرتے ہوئے کہی‘ انہوں نے کہاکہ ہم نے قوم پرستوں کے اقتدار کے روز اول سے آج یہی موقف اپنائے رکھا ہے کہ ان کے پاس حکومت چلانے کیلئے درکار ویژن نہیں ہے صرف حکومت کا پاس ہونا ضروری نہیں بلکہ ایک وسیع و عریض سوچ اور منصوبہ بندی کا حامل ہونا بھی ضروری ہوتا ہے جب کہ ہم گزشتہ چار سال سے یہ کہتے آرہے ہیں کہ قوم پرستوں نے صوبے کو پچاس سال پیچھے دھکیل دیا ہے لیکن ہماری بات کو مخصوص اس بات پر حکومتی حلقے نظر انداز کرتے کہ ہمیں حکومت نہ ہونے کا دکھ ہے انہوں نے کہاکہ آج صوبائی حکومت کے اتحادی جماعت کے ارکان یہ برملا کہہ رہے ہیں کہ حکومت عوام کو ریلیف دینے میں مکمل طور پر ناکام ہے جوکہ اس بات کی غمازی کرتی ہے کہ قوم پرست عوام سے کیے گئے وعدوں کو وفاکرنے میں نہ صرف مکمل طور پر ناکام رہے بلکہ صوبے کی عوام کو پہلے سے حاصل حقوق سے بھی محروم کردیا ہے انہوں نے کہاکہ نظریات کے سیاست کے دعویدارجماعتوں سے وہ سوال کرتے ہیں کہ کیااس بیان کے بعد وہ حکومت کرنے کے اخلاقی طور پر جواز سے محروم نہیں ہو گئے ہیں یا پھر اپنی ضرورتوں کو پورا کرنے کیلئے اس کو نظر انداز کردیا جائیگاجو اپنی جگہ سوالات کو جنم دیگا۔