اسلام آباد:چےئرمین سینیٹ رضا ربانی،سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق،قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سید خورشید شاہ ،جمعیت علماء اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان،سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر اعتزاز احسن کے بینک اکاؤنٹس میں جعلی ٹرانزیکشن کے انکشاف کے بعد ایف آئی اے اور سٹیٹ بنک کو تحقیقات کی ہدایت کردی گئی۔میڈیا رپورٹس کے مطابق قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سید خورشید شاہ نے اسمبلی میں انکشاف کیا کہ ان کے بنک اکاؤنٹ میں جعلی ٹرانزیکشن کی گئی ہے اور دفتر آنے پر ان کے ملازمین نے ان کے سامنے ٹرانزیکشن کی رسید رکھی تو انہیں علم ہوا جس کے بعد سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کے اکاؤنٹ میں بھی جعلی ٹرانزیکشن کا انکشاف ہوا ہے،کشمیر کمیٹی کے چےئرمین مولانا فضل الرحمان اور سینیٹ میں قائد حزب اختلاف اعتزاز احسن کے اکاؤنٹس میں بھی جعلی ٹرانزیکشن کی گئی۔چےئرمین سینیٹ رضا ربانی نے ایوان کو بتایا کہ ان کے گھر پر ٹرانزیکشن کی رسیدات دی گئیں ان کے اکاؤنٹ میں 10کروڑ روپے ٹرانسفر کئے گئے۔سپیکر آفس کی جانب سے جعلی ٹرانزیکشن پر گورنر سٹیٹ بنک کو خط لکھا گیا تو سٹیٹ بنک نے کہا کہ ٹرانزیکشن جعلی ہے جس کے بعد ایف آئی اے اور اسٹیٹ بنک کو معاملے کی تحقیقات کیلئے خط لکھ دیا گیا ہے اور کہا گیا ہے کہ جعلی ٹرانزیکشن کے بارے میں فوری آگاہ کیا جائے۔