|

وقتِ اشاعت :   January 20 – 2017

اسلام آباد:وزیرقانون پنجاب رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ بھٹو کو پھانسی پر چڑھانے والی قوتیں آج نوازشریف کو ہٹانا چاہتی ہیں،تحریک انصاف روزانہ سپریم کورٹ کو دھمکی دیتی ہے،عوامی لیڈر کے خلاف فیصلوں کو عوام قبول نہیں کرتے،فیصلہ نوازشریف کے خلاف بھی آیا تو2018ء میں عوام پھر(ن) لیگ کو لائیں گے،عدالت پر کوئی دباؤ نہیں ڈال رہے،محتاط رہنے کا مشورہ دے رہے ہیں۔نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے رانا ثناء اللہ نے کہا کہ جو قوتیں پہلے کسی اشارے سے پھر لاک ڈاؤن کرکے حکومت ختم کرنا چاہتی تھیں اب سپریم کورٹ گئی ہیں ایسی قوتیں70سال میں کبھی کامیاب ہوئیں اور نہ اب ہوں گی۔انہوں نے کہا کہ 2غنڈے پہلے سپریم کورٹ کے باہر دھمکیاں دیتے ہیں پھر عدالت میں داخل ہوتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ عوامی لیڈروں کو جب بھی کسی ذریعے سے ہٹانے کی کوشش کی گئی عوام نے اسے تسلیم نہیں کیا۔عدالت کا فیصلہ ہمارے خلاف بھی آیا تو عوام قبول نہیں کریں گے اور عوام پھر مسلم لیگ(ن) کو ہی منتخب کرے گی۔انہوں نے کہا کہ سابق چیف جسٹس کے کمیشن نے دھاندلی پر جو فیصلہ کیا وہ تحریک انصاف نے تسلیم نہیں کیا اور اس پر نقطہ چینی کی۔ہم عدلیہ کا احترام کرتے ہیں اور عدالتوں کے فیصلے تسلیم کرتے ہیں،ہمیں سپریم کورٹ سے کوئی پریشانی نہیں ہے،ہم عدالتوں کو دباؤ میں نہیں لارہے عدالت کو آگاہ کر رہے ہیں کہ محتاط رہیں۔انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ انصاف پر مبنی فیصلہ کرے گی اور اپنی مرضی کا فیصلہ لینے کی خواہش مند قوتیں ناکام ہوں گی۔