کوئٹہ: پولیو مہم کادوسرا مرحلہ بلوچستان کے تیرہ اضلاع میں آ ج بروز پیر سے شروع ہوگا ،ایمر جنسی آپریشن سینٹر کے کو آرڈینیٹر سید فیصل احمد نے کہا ہے کہ بلوچستان میں پولیو مہم کا دوسرا مرحلہ صوبے کے تیرہ اضلاع میں آج سے شروع ہوگا مذکورہ اضلاع میں برفباری کے باعث پہلے مرحلے میں پولیو مہم نہیں چلایا جاسکا ۔آج سے جن اضلاع میں پولیو مہم شروع کی جائیگی ان میں بارکھان ،بولان ،جھل مگسی ،قلعہ عبداللہ ،خاران ،خضدار ،،لورالائی ،موسی خیل ،پشین ،کوئٹہ ،شیرانی ،سبی اور واشک کے اضلاع شامل ہیں جبکہ ژوب کے کچھ یونین کونسلزمیں بھی بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے جائیں گے۔سید فیصل احمد نے کہا ہیکہ پولیو مہم کے دوسرے مرحلے میں 13 لاکھ کے قریب بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے جائیں گے ۔پولیو مہم کے سلسلے میں تمام تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں ۔مہم میں مجموعی طورپر 4347ٹیمیں شامل ہونگی جن میں 3547موبائل ٹیمیں 429 ٹرانزٹ پوائنٹس اور 371فکسڈ سائٹس ہونگی ۔سید فیصل احمد نے کہا ہے کہ مہم کے حوالے سے سیکورٹی کے اتنظامات بھی کرلئے گئے ہیں ۔مہم کے دوران تمام عملے کو فول پروف سیکورٹی دی جائیگی جس پر پولیس اور ایف سی کے جوان تعینا ت ہونگے ۔بلوچستان حکومت کی جانب سے پولیو مہم میں معاونت اور اس ضمن میں اقدامات اطمینان بخش ہیں اور حکومت کی جانب سے تمام ضروری سہولیات فراہم کردی گئی ہیں ۔سید فیصل احمد نے کہا ہے کہ پولیومہم انتہائی کامیابی کے ساتھ جاری ہے ،تاہم کوئٹہ سمیت کچھ علاقوں میں پولیو کی وائرس ملنے کی وجہ سے مہم کے حوالے سے سرگرمیاں تیز کردی گئی ہیں ۔پولیو مہم کی کامیابی میں والدین کا کردار اتنہائی اہم ہے ۔اس کے علاوہ معاشرے کے تمام طبقات بلخصوص علماء کرام اور سول سوسائٹی کا کردار اہم ہے مہم میں بلدیاتی نمائندوں کی خدمات بھی حاصل کی گئی ہیں ۔سید فیصل احمد نے کہاکہ مہم کی کامیابی کیلئے معاشرے کے تمام طبقوں سمیت میڈیا سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ مہم کی کامیابی میں کردار ادا کریں ۔