|

وقتِ اشاعت :   January 23 – 2017

کوئٹہ: کوئٹہ میں بہیمانہ تشدد کے بعد قتل کی جانے والی تیرہ سالہ معصوم بچی کی لاش گزشتہ چوبیس دنوں سے سول اسپتال کے مردہ خانے میں لاوارث پڑی ہوئی ہے۔تیرہ سالہ بچی کی بوری میں بند لاش انتیس دسمبر کو کوئٹہ کے تھانہ شالکوٹ کی حدود ایف جی ایس کالونی میں ایک کنویں سے ملی تھی۔ شناخت نہ ہونے کی وجہ سے چوبیس دن گزرنے کے باوجود معصوم بچی کی لاش سول اسپتال کے مردہ خانے میں لاوارث پڑی ہے۔ ایم ایس سول اسپتال ڈاکٹر فرید شمالانی کے مطابق پوسٹمارٹم رپورٹ میں بچی کو جنسی زیادتی کے بعد بہیمانہ تشدد کرکے قتل کرنے کی تصدیق ہوئی ہے۔ قاتل نے بچی کے بال ، ناک اور کان بھی کاٹ دیئے تھے تاکہ شناخت نہ ہوسکے۔ کپڑوں سے بچی خانہ بدوش یا جھگی نشین لگ رہی ہے۔لاش کی شناخت نہ ہوئی تو متعلقہ پولیس حکام کی ہدایات کے مطابق لاش امانتا دفنانے کیلئے ایدھی حکام یا میڈیکل اسٹوڈنٹس کیلئے بولان میڈیکل کالج کو حوالے کردی جائے گی۔ ایس پی سریاب نصیب اللہ کے مطابق اخبارات میں اشتہارات شائع کرنے کے باوجود بچی کی لاش کی حوالگی کیلئے اب تک کسی نے رابطہ نہیں کیا۔ علاقے کے لوگوں اور معتبرین سے بھی بات کی گئی لیکن ایسا لگ رہا ہے کہ بچی لوکل نہیں ہے اس لئے شناخت میں مسائل پیش آرہے ہیں۔