|

وقتِ اشاعت :   January 24 – 2017

کوئٹہ:چیف سیکریٹری بلوچستان سیف اللہ چٹھہ نے کہا ہے کہ عوام کو صحت کی سہولیات کی فراہمی صوبائی حکومت کی اولین ترجیح ہے اور اس کے لئے حکومت نے مؤثر اقدامات کئے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے روٹین ایمپونائزیشن کے حوالے سے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت نے بجٹ میں صحت کے لئے بڑا حصہ مختص کیا ہوا ہے تاکہ عوام کو صحت کی بہترین سہولیات کی فراہمی ان کی دہلیز پر ممکن بنائی جاسکے۔اس موقع پر سیکریٹری صحت نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ 2015ء میں عالمی ادارہ صحت کے تعاون سے صوبائی حکومت نے انسداد خسرہ مہم کامیاب طریقے سے چلائی جس سے صوبے میں خسرہ سے بچوں کی ہلاکت کافی حد تک کم ہوئی اور اس پر مزید کام جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ ویکسنیٹر کی حاضری چیک کرنا اور بچوں کی ویکسینیشن کو چیک کرنے کے لئے نیا نظام متعارف کرایا جائے گا۔ چیف سیکریٹری نے ہدایت کی کہ صوبے کے مختلف یونین کونسلز میں خالی آسامیوں کے لئے فوری طور پر اشتہار جاری کرکے شفاف طریقے سے بھرتیاں کی جائیں او رمحکمہ صحت میں کچھ عرصہ پہلے جو ٹیسٹ اور انٹرویوز ہوئے ہیں ان پر بھی تعیناتیوں کا عمل شروع کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ انسداد پولیو مہم کا کامیاب کرکے موذی مرض کا صوبہ سے خاتمہ کیا جائے ۔