|

وقتِ اشاعت :   January 26 – 2017

کوئٹہ: گورنر بلوچستان محمد خان اچکزئی نے کہا ہے کہ یہ ہماری خوش قسمتی ہے کہ نہ صرف ہمارا صوبہ ہرقسم کے قدرتی وسائل ومعدنیات سے مالامال ہے بلکہ صوبے کے مقامی افراد بھی کئی صلاحیتوں سے سرشار ہیں۔ ان صلاحیتوں اور وسائل کو ملک وقوم کے بہترین مفاد میں بھرپور استعمال سے خودکفالت حاصل کی جاسکتی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کے روز گورنر ہاؤس کوئٹہ میں وزیراعلیٰ بلوچستان کے کوآرڈینیٹر سردار محمد نجیب سنجرانی کی قیادت میں ایک وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ ملاقات کے دوران موجودہ حکومت کی عوام دوست پالیسیوں، مجموعی امن وامان کی صورتحال اور دہشت گردی کے خاتمے کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر گورنر بلوچستان نے کہا کہ صوبے کے عوام کو پل پل بدلتی ہوئی دنیا کے جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے اور خاص کر اس خطے میں رونما ہونے الی سیاسی ومعاشی، تبدیلیوں کے ثمرات سے مستفید کرنے کے لئے ایسی جامع حکمت عملی وضح کرنے کی اشد ضرورت ہے جس سے بلوچستان کے تمام اضلاع بالخصوص زیادہ پسماندہ علاقوں کے عوام کو صحت، تعلیم اور صاف پانی وغیرہ کے تمام بنیادی سہولتیں فراہم کی جائیں۔ انہوں نے کہا کہ تمام ترقیاتی منصوبوں کے ثمرات پوری سنجیدگی کے ساتھ صوبے بھر کے عوام کی دہلیز پر پہنچانا عوامی نمائندوں اور ذمہ دار افراد کا فریضہ ہے وفد نے گورنر بلوچستان کو ضلع چاغی کے تعلیم، صحت اور دیگر عوامی مشکلات سے آگاہ کیا جس پر گورنر نے کہا کہ ہم نے اپنے ترقیاتی فنڈز سے ضلع چاغی کو کئی منصوبے فراہم کئے ہیں اور آئندہ بھی ہرممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔