کوئٹہ:وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری کی خصوصی ہدایت پر کوئٹہ شہر کی مختلف سڑکوں اور تجارتی مراکز پر تجاوزات کے خلاف جاری مہم میں اتوار کے روز دومختلف ٹیموں نے کوئٹہ میں بھرپور کاروائی کی۔ اے سی سٹی بتول اسدی اور اسپیشل مجسٹریٹ ارباب عنایت پر مشتمل ٹیم نے سریاب روڈ کے علاقے زمیندار گلی اور منیراحمد روڈ پر کاروائی کرتے ہوئے روڈ کے دونوں اطراف پر مکینک اور آٹو اسپیئرز کی دکانوں کے تجاوزات کو ختم کرتے ہوئے 60فٹ تک روڈ کو خالی کروایا۔ اس کے علاوہ سریاب فلائی اوور سے کسٹم کراس تک کا سریاب روڈ کو بھی تجاوزات سے صاف کروادیا گیا جبکہ مجسٹریٹ ببرک خان اور محمد حسین کی سربراہی میں پولیس اور ایف سے کے ساتھ بروری روڈ کے مختلف علاقوں میں کاروائی کرتے ہوئے نہ صرف روڈ سائڈز بلکہ فٹ پاتھ کو بھی تجاوزات سے خالی کروایا جبکہ پانچ دکانوں اور ایک مالک مکان کو 24گھنٹے کے اندر غیرقانونی تعمیر کو گرانے کا نوٹس بھی جاری کیا ۔ اس موقع پر ڈی سی کوئٹہ عبدالواحد کاکڑ نے کہا کہ وزیراعلیٰ نواب ثناء اللہ خان زہری کی خصوی ہدایت پر جاری یہ مہم عوام کو سڑکوں پر سہولت فراہم کرنے کے لئے شروع کی گئی ہے جو تمام تجاوزات کو مکمل ختم کرنے تک جاری رہے گی۔