|

وقتِ اشاعت :   January 31 – 2017

حب:بلوچستان ہائی کورٹ کے چیف جسٹس جناب جسٹس نور محمد مسکانزئی نے کہا ہے کہ خواتین ہمارے معاشرے کا وہ با عزت طبقہ ہے جس کے بغیر معاشرے کی تکمیل نہ صرف ادھوری ہے بلکہ نا ممکن ہے ۔ وہ آج بلوچستان کے سب سے بڑے صنعتی شہر حب کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ کے احاطے میں ’’ خواتین کو انصاف کی فراہمی میں مدد دینا ‘‘ کے موضوع پر یو ایس ایڈاور عورت فاؤنڈیشن،ضلعی مساوات پروگرام اور لسبیلہ ڈسٹرکٹ بار ایسو سی ایشن کے زیر اہتمام ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ حب کے احاطے میں منعقدہ اختتامی تقریب سے خطاب کررہے تھے ۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان پاکستان کا وہ واحد صوبہ ہے جہاں سب سے پہلے عورتوں کو سستے اور جلد انصاف کی فراہمی کیلئے خواتین کیلئے علیحدہ عدالتیں اور فیملی کورٹس قائم کی گئیں ہیں اور صوبے کے بعض شہروں میں خواتین ججز اور فیملی کورٹس نے بھی کام شروع کردیا ہے یہ اعزاز پاکستان میں اب تک صرف بلوچستان کو حاصل ہوا ہے انہوں نے کہا کہ ہمارے معاشرے میں خواتین کو جس قدر اور احترام کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے اس کی مثال دنیا میں نہیں ملتی ۔ قبل ازیں تقریب سے بلوچستان ہائی کورٹ کے جناب جسٹس جمال مندوخیل، لسبیلہ بار ایسو سی ایشن کے صدر محمد عثمان لاسی ایڈووکیٹ ، عاصم رونجھو ایڈووکیٹ، وہاب بزنجو ایڈووکیٹ اور یو ایس ایڈ پروگرام کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر عادل جہانگیر نے بھی عورتوں کے رتبے ، عورتوں کیخلاف منفی رسومات ، عورتوں کے حقوق ، عورتوں کے بنیادی حقوق ، سہو لتیں ، عزت ، وقار اور احترام اور ہمارامعاشرہ اور خواتین کے موضوع پر مبنی خطاب بھی کئے ۔اس موقع پر بلوچستان ہائی کورٹ کے رجسٹرار روزی خان بڑیج ، انسپیکشن جج منور احمد شاہوانی ، ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج عبدالقیوم لہڑی ، ایڈیشنل ڈسٹرکٹ و سیشن جج دوست محمد مندوخیل ، انسدادِ دہشتگردی عدالت لسبیلہ کے جج ظفر اللہ بازئی ، ممبر مجلس شوریٰ قاضی نور محمد بلوچ، دریجی کے قاضی محمد یحییٰ مسکانزئی ، جوڈیشنل مجسٹریٹ گڈانی محترمہ ثناء اشفاق کھوسو، جوڈیشنل مجسٹریٹ حب جام سا قا ، جوڈیشنل مجسٹریٹ حب پرکسا نور ، فیملی جج حب فروا جعفر سمیت کمشنر قلات ڈویژن محمد ہاشم غلزئی ، ڈی آئی جی قلات ڈویژن احسن محبوب ، ڈپٹی کمشنر لسبیلہ سید ذوالفقار علی شاہ ہاشمی ، ایڈیشنل ایس پی لسبیلہ ضیاء مندوخیل ، ڈی ایس پی حب سرکل پولیس جان محمد کھوسو ،ڈی ایس پی سی آئی اے ملک حاجی عبدالستار رونجھو ، اسسٹنٹ کمشنر حب نعیم گچکی ، جام غلام قادر گورنمنٹ اسپتال حب کے ایم ایس ڈاکٹر عباس لاسی ، سینٹرل جیل گڈانی کے سپریٹینڈنٹ محمد اسحاق زہری ، ڈپٹی سپریٹنڈنٹ محمد طارق خان ، میڈیکل آفیسر ڈاکٹر شام لعل لاسی ، یو ایس ایڈ پروگرام کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر عادل جہانگیر ، تحصیلدار گڈانی بشیر احمد موندرہ ، ایس ایچ او گڈانی ملک عبدالجبار رونجھو ، ایس ایچ او حب محمد عارف بلوچ ، انچارج سی آئی اے نورالاسلام خان اور متعلقہ محکموں کے مقامی اور ضلعی افسران کی بڑی تعداد موجود تھی ۔اس سے قبل چیف جسٹس آف بلوچستان جناب جسٹس نور محمد مسکانزئی نے سینٹرل جیل گڈانی کا بھی تفصیلی دورہ کیا اور گڈانی جیل میں مقید قیدیوں سے علیحدہ علیحدہ ملاقاتیں کر کے ان کے مسائل بھی سنے ۔اس موقع پر چیف جسٹس آف بلوچستان نے جیل اور جیل میں مقید قیدیوں کو درپیش بعض فوری حل طلب مسائل کے حل کیلئے موقع ہی پر احکامات صادر کئے ۔