|

وقتِ اشاعت :   February 9 – 2017

کوئٹہ:وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری نے کہا ہے کہ باشعور اقوام اپنے ماحول کو صاف ستھرا اور صحت مند رکھنے کیلئے اجتماعی و انفرادی طور پر اپنا کردار ادا کرنے کیلئے ہر لمحہ تیار رہتی ہیں یہ بات انہوں نے محکمہ جنگلات و جنگلی حیات کی جانب سے گرین پاکستان پروگرام کے آغاز پر اپنے ایک پیغام میں کہی انہوں نے کہا کہ جنگلات و جنگلی حیات کی حفاظت کرکے ماحول کو بہتر بنانے کے عمل میں ہم سے ہر ایک کو اپنا حصہ ڈالنا ہوگا۔ لہذا ہمیں چاہئے کہ ہم متحد ہوکر اس قومی مقصد کے حصول کیلئے کوششوں کا آغاز کریں۔ انہوں نے کہا کہ سرسبز پاکستان اور شاداب بلوچستان کا حدف حاصل کرنے کیلئے نہ صرف ہر شہری کم از کم ایک درخت ضرور لگائے بلکہ ان کی آبیاری اور حفاظت کو بھی یقینی بنائے۔ انہوں نے کہا کہ جنگلات کو ان کی قدرتی حالت میں برقرار رکھ کر ہم جنگلی حیات کو بحفاظت آئندہ نسلوں کو منتقل کرسکتے ہیں۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ جنگلات و جنگلی حیات کی پیداوار میں اضافے اور اس کے ماخذ کو ملکی اور صوبائی ضروریات کے مطابق بڑھانے کیلئے صوبائی حکومت تمام دستیاب ذرائع اور وسائل کو بروئے کار لائے گی۔ انہوں نے اپنے پیغام میں عوام سے بھی اپیل کی ہے کہ وہ گرین پاکستان پروگرام کی کامیابی کیلئے حکومت کے ساتھ بھرپور مدد و تعاون کریں تاکہ ہم اپنی آئندہ نسلوں کو آلودگی سے پاک اور ایک صحتمند ماحول فراہم کرسکیں۔