خضدار:کمشنر قلات ڈویژن محمد ہاشم غلزئی نے کہاہے کہ سی پیک کے لئے جنکشن اور مرکز کی حیثیت اختیار کرنے والا ضلع خضدار تعمیر و ترقی کے حوالے سے کامیابی کی نئی راہ پر گامزن ہے ۔جس تیز رفتاری سے یہاں تعمیر و ترقی ہورہی ہے اس سے یہ حقیقت مزید عیاں ہوچکی ہے کہ خضدار و قرب و جوار کے علاقوں کا مستقبل روشن اور تابناک ہے۔ ترقی و خوشحالی یہاں کی عوام کا مقدر اور نصیب بن چکا ہے جوانہیں مل کر رہیگا۔حکومت تعلیم صحت مواصلات کی تعمیر و ترقی اور روزگار کے مواقع فراہم کرنے کے بعد اسپورٹس کے فروغ کے لئے بڑے پیمانے پر اقدامات کررہی ہے ۔ شہروں میں اسٹیڈیمز تعمیر کرنے کے بعد اب شہروں سے دور پہاڑوں اور وادیوں کے بیچ اسٹیڈیم اور گراؤنڈز تعمیر کرنے کی جانب پیش رفت کررہی ہے ۔ خضدار کے سب ڈویژن تحصیل کرخ میں اسٹیڈم کی تعمیر آخری مراحل میں ہے جس کے بعد مولہ میں اسٹیڈیم تعمیر کا آغاز کیا جائیگا۔ خضدار شہر میں بھی متعدد اسپورٹس پراجیکٹ پر کام شروع ہو نے والا ہے ۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے خضدار کے سب ڈویژن کرخ نوابزادہ میر سکندر شہید اسٹیڈیم میں نوابزادہ میر سکندر شہید فٹبال ٹورنامنٹ کے فائنل میچ کی اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ڈی آئی جی خضدار رینج ، اسسٹنٹ کمشنر خضدار جمعداد خان پرنسپل بی آر سی خضدار حاجی محمد عالم جتک،ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ محمد قاسم شاہ سلطان احمد شاہوانی مسلم لیگ (ن) کے رہنماء میر جمعہ خان شکرانی ،وڈیرہ محمد صالح جاموٹ ڈگری کالج خضدار کے پرنسپل محمد حسن جاموٹ ایس ڈی او کیسکو سیف اللہ ودیگر مہمانوں کی کثیر تعداد موجود تھی۔ اس سے قبل وڈیرہ محمد فاروق جاموٹ نے کمشنر قلات ڈویژن محمد ہاشم غلزئی اور دیگر مہمانوں کے اعزاز میں پُر تکلف ظہرانہ دیا ۔ نوابزادہ میر سکندرشہید ٹورنامنٹ کا فائنل میچ جھالاوان اسپورٹس کرکٹ کلب خضدار نے عثمان کرکٹ کلب خضدار کو چار وکٹوں سے ہراکر جیت لیا ۔ کمشنر قلات ڈویژن نے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کئے اور ٹورنامنٹ کمیٹی کے لئے تیس ہزار روپے دینے کا اعلان کیا ۔ کمشنر قلا ت ڈویژن محمد ہاشم غلزئی نے کہاکہ ہمیں خوشی اس بات کی محسوس ہورہی ہے کہ اب شہروں کی طرح ان وادیوں میں بھی کھیل کے میدان آباد ہورہے ہیں اس کا سہرا حکومتِ وقت کو جاتاہے دیگر شعبوں کی طرح کھیل کے فروغ کے لئے بھی بڑے پیمانے پر رقم خرچ کی جارہی ہے ۔ کرخ میں اسٹیڈیم بننا نہ صرف یہاں کے عوام بلکہ پورے ضلع کے کھلاڑیوں اور شائقین کی خوش قسمتی ہے ۔آج ہم دیکھ رہے ہیں خضدار سٹی سمیت دیگر علاقوں سے کھلاڑی کھیلنے کے لئے اس واد ی میں آرہے ہیں ۔ کرخ میں اسٹیڈیم تعمیر ہونے کے بعد اب مولہ اور خضدار میں بھی اسٹیڈیم تعمیر ہونگے۔ اس موقع پر ڈسٹرکٹ کونسل خضدار کے ممبرمیر جمعہ خان شکرانی ،اور وڈیرہ محمد صالح جاموٹ نے کہاکہ کرخ کے عوام نے جس خواہش مطالبے کا اظہار کیا تھا ان پر بتدریج عمل ہورہاہے ہم وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری سینیٹر آغا شہباز خان درانی ڈسٹرکٹ چیئرمین خضدار آغا شکیل احمددرانی کے مشکور ہیں کہ جنہوں نے کرخ کے عوام کی عین خواہشات کے مطابق ان کے مسائل کے لئے اقدامات اٹھار ہے ہیں ۔یہاں پر کروڑ روپے کی رقم سے مختلف منصوبوں پر کام ہورہاہے جو کہ ہماری خوش قسمتی ہے موجودہ وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری نے جن قابل ستائش اقدامات کے تحت یہاں کے عوام کو خوشحالی کی جانب گامزن کر دیا ہے ۔