دبئی: پاکستان سپر لیگ کی دعاعی چیمپئن اسلام آباد یونائٹیڈ نے پشاور زلمی کو ایونٹ کے افتتاحی میچ میں شکست دے دی۔
دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں پشاور زلمی نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 190 رنز بنائے جس کے جواب میں بارش سے متاثر ہونے والا میچ اسلام آباد یونائٹیڈ نے 7 وکٹوں سے جیت لیا۔ ہدف کے تعاقب میں دوران میچ بارش ہوگئی جس کے بعد کھیل کو 18 اوورز تک محدود کردیا گیا اور دفاعی چیمپئن کو جیت کے لئے 173 رنز کا ہدف ملا جسے شین واٹسن کی شاندار اننگز کی بدولت 3 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا گیا۔
اس سے قبل دفاعی چیمپئن اسلام آباد یونائٹیڈ کے کپتان مصباح الحق نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا تو پشاور زلمی کا آغاز مایوس کن رہا اور میچ کی پہلی ہی گیند پر محمد حفیظ عرفان کی گیند پر وکٹ کیپر کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے۔ دوسری وکٹ پر کامران اکمل اور ڈیوڈ میلان کے درمیان شاندار شراکت قائم ہوئی اور دونوں بلے بازوں نے دھواں دھار بیٹنگ کرتے ہوئے گراؤنڈ کے چاروں اطراف دلکش شارٹس کھیلے اور ٹیم کا مجموعی اسکور 122 تک پہنچا تو ڈیوڈ میلان 43 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے جس کے بعد نئے آنے والے بلے باز این مورگن ایک رنز بنا کر سعید اجمل کی گیند پر بولڈ ہوئے۔
چوتھی وکٹ پر حارث سہیل اور کامران اکمل نے جارحانہ بیٹنگ کا سلسلہ جاری رکھا اور150 کے مجموعے پر کامران اکمل 88 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے جنہوں نے 48 گیندیں کھیلیں جس میں 6 چھکے اور 6 چوکے بھی شامل ہیں۔ حارث سہیل 12، کپتان ڈیرن سیمی 7، شاہد آفریدی 4 اور حسن علی 4،4 اور افتخار احمد بغیر کوئی رنز بنائے آؤٹ ہوئے جب کہ کرس جورڈن 16 رنز کے ساتھ ناؤٹ آؤٹ رہے۔ اسلام آباد یونائٹیڈ کی جانب سے شین واٹسن نے 4، محمد عرفان اور محمد سمیع نے 2،2 جب کہ سعید اجمل نے ایک وکٹ حاصل کی۔