کوئٹہ:یونیورسٹی آف تربت اپنے اساتذہ کی استعداد کا بڑھانے کے لئے مرحلہ وار پیشہ ورانہ تدریسی تربیتی پروگرام کا انعقاد کرے گی۔یونیورسٹی آف تربت کے زیر اہتمام پہلے مرحلے میں پانچ روزہ پروفیشنل فیکلٹی ڈویلپمنٹ پروگرام کا آغاز 14فروری سے سٹی کیمپس میں ہوگاجس میں یونیورسٹی کے سٹی کیمپس تربت میں نئے بھرتی ہونے والے فیکلٹی ممبران شرکت کریں گے۔جب کہ دوسرا مرحلہ گوادر کیمپس میں منعقد ہوگا جس میں گوادر کیمپس میں نئے بھرتی ہونے والے فیکلٹی ممبران کوجدید خطوط پر پیشہ ورانہ تربیت دی جائے گی۔Quality Enhancement Cell(کیو ای سی) لرننگ انوویژن سیل ہائرایجوکیشن کمیشن پاکستان کے تعاون سے پیشہ ورانہ تربیتی پروگرام کے انعقاد کے سلسلے میں تربت یونیورسٹی کو معاونت فراہم کررہی ہے۔ تربت یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر عبدالرزاق صابر 14فروری کو تربیتی پروگرام کا افتتاح کریں گے اور اختتامی سیشن کے مہمان خاص ہوں گے اور شرکاء میں سرٹیفیکیٹ تقسیم کریں گے۔ ڈائریکٹر کیو ای سی ڈاکٹر گل حسن اور پروگرام کوارڈینیٹرو ماسٹر ٹرینر اور شعبہ انگلش کے چیئرمین شاہ میر بلوچ کے مطابق اس پروگرام کے انعقاد کا مقصدیونیورسٹی میں نئے بھرتی ہونے والے فیکلٹی ممبران کو جدید تدریسی مہارتوں کے جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کراناہے تاکہ وہ مستقبل کے معماروں کی بہتر طور پرتربیت اور رہنمائی کرسکیں۔