|

وقتِ اشاعت :   February 11 – 2017

کھاریاں: وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے کہا ہے کہ جنگیں ہتھیاروں سے نہیں بلکہ جذبہ ایمانی سے جیتی جاتی ہیں ، ہماری افواج اور قانون نافذ کرنے والے اہلکار جذبہ ایمانی سے سرشار ہیں ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کے روز کھاریاں میں قومی مربوط انسداد دہشتگردی کے نویں کورس کے حوالے سے منعقدہ تقریب میں جوانوں سے خطاب میں کیا ۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ جنگیں محض ہتھیاروں سے ہی نہیں لڑی جاتیں بلکہ جنگ جیتنے کیلئے جذبہ ایمانی درکار ہوتا ہے اور الحمد اللہ ہماری افواج اور قانون نافذ کرنے والے اہلکار جذبہ ایمانی سے سرشار ہیں انہوں نے کہا کہ ہمیں نامساعد حالات کا سامنا ہے لیکن ہم جذبہ ایمانی سے سرشار ہیں اور قوت ایمانی سے سرشار اقوام کو کوئی شکست نہیں دے سکتا وزیر داخلہ قومی انسداد دہشتگردی سنٹر پہنچے تو سنٹر کے سربراہ سمیت اعلیٰ حکام اور جوانوں نے ان کا استقبال کیا جہاں وزیر داخلہ کو تربیتی کورس کے معیار سمیت سنٹر میں کام کرنے کے طریقہ کار کے حوالے سے آگاہ کیا گیا وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے اس موقع پر سنٹر کے مختلف شعبوں کا بھی معائنہ کیا ۔