|

وقتِ اشاعت :   February 12 – 2017

کوئٹہ:آل پاکستان آئل ٹینکرز اونرز ایسوسی ایشن نے انتظامیہ اور سیکورٹی فورسز کے ساتھ کامیاب مذاکرات کے بعد احتجاج کی کال واپس لے لی اور پٹرولیم مصنوعات کی ترسیل کا عمل شروع کردیا ۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز آل پاکستان ٹینکرز اونرز ایسوسی ایشن کے رہنماؤں ٹکری اسماعیل بنگلزئی اور کابینہ کے دیگر اراکین نے سیکورٹی فورسز کے رویہ کے خلاف احتجاج کا اعلان کرتے ہوئے صوبہ بھر میں آئل کی سپلائی بند کرنے کا اعلان کیا تھا اس سلسلے میں ہفتے کو ایسوسی ایشن کے رہنماؤں اور سیکورٹی فورسز کے درمیان کامیاب مذاکرات ہوئے جس کے بعد آل پاکستان آئل ٹینکرز اونرز ایسوسی ایشن کے رہنماؤں نے احتجاج ختم کرتے ہوئے تیل سپلائی بحال کردی جس کے بعد کوئٹہ سمیت صوبہ بھر کے شہریوں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ۔ ٹکری اسماعیل بنگلزئی نے کامیاب مذاکرات کے بعد بات چیت کرتے ہوئے بتایا کہ ان کے مطالبات تسلیم کرلئے گئے ہیں اور یقین دہانی کرائی گئی ہے کہ آئندہ آئل ٹینکرز کو بغیرکسی وجہ سے تنگ نہیں کیا جائے گا اور قانونی دستاویزات چیک کرنے کے بعد ٹینکرز کو سپلائی کی اجازت دی جائے گی جس کی بناء پر ہم نے احتجاج ختم کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے تیل کی سپلائی بحال کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ یاد رہے کہ گزشتہ روز لکپاس کے مقام پر سیکورٹی فورسز کی جانب سے دودرجن سے زائد ٹینکرز کو روکنے کے بعد آل پاکستان آئل ٹینکرز اونرز ایسوسی ایشن کی جانب سے صوبہ بھر میں ہڑتال کی کال دی گئی تھی ۔