|

وقتِ اشاعت :   February 13 – 2017

کوئٹہ:گورنر بلوچستان محمد خان اچکزئی نے کہا ہے کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری کی تکمیل سے بڑے پیمانے پر معاشی، تجارتی اور سماجی تبدیلیاں رونما ہوں گی۔ یہ عظیم منصوبہ عامی جمہوریہ چین کے روڈ اینڈ بیلٹ منصوبے کا حصہ ہے جو دنیات کو تجارتی ومعاشی سرگرمیوں کے لئے مربوط کرکے سمندری راستوں کے متبادل کے طور پر پوری دنیا خصوصاً جنوبی ایشیاء اور مڈایسٹ کو زمینی راستوں کے ذریعے مربوط کرے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کی شام گورنر ہاؤس کوئٹہ میں پاکستان میں تعینات آسٹریلین ہائی کمشنر (Margart Adamson) مارگریٹ ایڈمسن سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ گورنر بلوچستان نے آسٹریلین ہائی کمشنر کا خیرمقدم کیا۔اس موقع پر گورنر بلوچستان نے کہا کہ پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان دوستانہ تعلقات قائم ہیں جبکہ مختلف شعبوں میں تعاون کی صورت میں مزید استحکام پیدا کیا جاسکتا ہے۔ اس موقع پر بلوچستان میں جاری ترقیاتی منصوبوں اور خطے کی مجموعی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ گورنر نے کہا کہ صوبہ بلوچستان میں موجود مختلف پہاڑی سلسلوں کو نیشنل پارک کی حیثیت دی جارہی ہے تاکہ ان میں پائے جانے والے حیوانات ونباتات کا تحفظ ہوسکے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت جنگلات اور آبی ذخائر کو بڑھانے کے لئے بھرپور اقدامات کررہی ہے تاہم صوبے میں آبی ذخائر کو بڑھانے اور نئے جنگلات میں اضافہ کرنے کے حوالے سے آسٹریلیا کے تعاون سے بھرپور مدد ملے گی۔ آسٹریلین کمشنر کچھ دیر گورنر کے ساتھ رہیں اور بعد ازاں آسٹریلین ہائی کمشنر کے اعزاز میں گورنر بلوچستان کی جانب سے عشائیہ بھی دی گیا۔