|

وقتِ اشاعت :   February 13 – 2017

اسلام آباد:بلوچستان کے ضلع زیارت میں ضمنی انتخابات کے شیڈول کے اعلان کے بعد ڈپٹی کمشنر زیارت کی تبدیلی پر سیکرٹری بلوچستان آج بروز سوموار کو الیکشن کمیشن میں حاضر ہوکر وضاحت پیش کریں گے ۔ الیکشن کمیشن نے بلوچستان کے ضلع زیارت کے حلقہ PB-7 میں ضمنی انتخابات کے شیڈول کا اعلان تین فروری کو کیا تھا ور سات فروری کو حلقے میں ہر قسم کے تبادلوں اور تعیناتیوں پر پابندی عائد کرتے ہوئے اس سلسلے میں الیکشن کمیشن کو آگاہ کرنے کے احکامات جاری کئے تھے مگر بلوچستان انتظامیہ نے سات فروری کو ڈپٹی کمشنر زیارت کو الیکشن کمیشن کی اجازت کے بغیر تبدیل کردیا تھا جس پر صوبائی الیکشن کمشنر بلوچستان کا ڈپٹی کمشنر زیارت کے تبادلے کو منسوخ کرنے کیلئے صوبائی حکومت سے رابطہ کیا مگر انہوں نے تبادلے کے احکامات منسوخ نہیں کئے معاملے کا نوٹس لیتے ہوئے چیف الیکشن کمشنر نے سیکرٹری ایس اینڈجی اے ڈی بلوچستان کو وضاحت کرنے کیلئے آج بروز سوموار طلب کیا ہے۔