|

وقتِ اشاعت :   February 13 – 2017

کوئٹہ:نیشنل پارٹی نے اپنے مرکزی بیان میں کہا ہے کہ 18فروری کو قومی یکجہتی جرگہ انتہائی مثبت اور دو ر رس اقدام ہے اس کی بھر پور حمایت کرتے ہیں۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ وقت اور حالات کی ضرورت ہے کہ ژوب سے لیکر گوادر تک حقیقی سیاسی قوتیں ، سیاسی و قبائلی اکابرین متحد ہوکر وفاقی حکومت کو اپنے شدید خد شات اور تحفظات سے آگاہ کریں۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ ایک مسلمہ حقیقت ہے اور بین الااقومی اور اقوا م متحدہ کے چارٹر کے عین مطابق ہے کہ غیر ملکی افراد کسی بھی ملک کی مردم شماری کا حصہ نہیں بن سکتے ہیں اور نہ ہی شہریت کا حق رکھتے ہیں مردم شماری میں غیر ملکی افراد کی شمولیت سے مقامی افراد کے سیاسی ، معاشی اور قومی شناخت متاثر ہوگی بیان میں کہا گیا ہے کہ لاکھوں افراد نے بلوچستان کے بلوچ علاقوں سے امن وامان کی مخدوش صورتحال کی وجہ سے نقل مکانی کی ہے اور وہ اب تک اپنے آبائی علاقوں میں واپس منتقل نہیں ہوئے ہیں کچھ اضلاع میں اب بھی امن وامان کی صورتحال مخدوش ہے اس کے علاوہ غیر ملکی افراد کی موجودگی سے صاف و شفاف اور غیر جانبدار مردم شماری کا انعقاد ممکن نہیں ہوگا۔اسلئے ضروری ہے کہ مردم شماری سے قبل خدشات اور تحفظات کو دور کیاجائے اور وفاقی حکومت صاف و شفاف مردم شماری کی ضمانت دے وفاقی حکومت کی ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ وفاقی وحدتوں میں ہزاروں سال مقیم او رتاریخی پس منظر رکھنے والی قومیتوں کی شناخت اور ڈیموگرافی کا تحفظ کرے۔