|

وقتِ اشاعت :   February 14 – 2017

کوئٹہ:کوئٹہ میں بم ناکارہ بنانے کی کوشش کے دوران دھماکے سے بم ڈسپوزل اسکواڈ کے انچارج سمیت دو پولیس اہلکار جاں بحق اور پندرہ افرادزخمی ہوگئے۔ دھماکا نامعلوم دہشتگردوں نے ریموٹ کنٹرول اور ٹائم ڈیواس کے کمبی نیشن کے ذریعے کیا گیا۔ پولیس حکام کے مطابق کوئٹہ کے علاقے سریاب روڈ پر کراچی بس اڈہ کے قریب سریاب پل کے ساتھ مشکوک چیز دیکھ کر ایک پولیس اہلکار اللہ ڈنہ نے پولیس کنٹرول کو اطلاع دی۔ جس پر سریاب پولیس تھانے کے اہلکار وں نے موقع پر پہنچ کر بم ڈسپوزل اسکواڈ کو طلب کیا۔ اسپیشل برانچ پولیس بم ڈسپوزل اسکواڈ کے انچارج عبدالرزاق عرف کمانڈر کی سربراہی میں موقع پر پہنچی۔ کمانڈر عبدالرزاق اور ان کے ساتھ اہلکار حوالدار عبدالمجید بم کو ناکارہ بنارہے تھے کہ ا س دوران زوردار دھماکا ہوگیا ۔ دھماکے کے نتیجے میں بم ڈسپوزل اسکواڈ کے انچارج عبدالرزا ق جاں بحق جبکہ قریب کھڑے بی ڈی سکواڈ کے حوالدار عبدالمجید اور دیگر پانچ پولیس اہلکار سمیت پندرہ افراد زخمی ہوگئے۔ لاش اور زخمیوں کو فوری طور پر ایمبولنس اور پولیس کی گاڑیوں میں سول اسپتال کوئٹہ پہنچایا گیا جہاں ایمرجنسی نافذ کردی گئی۔ ڈاکٹر کے مطابق زخمی حوالدار عبدالمجید ولد رمضان بھی دم توڑ گئی۔ زخمی ہونیوالوں میں سب انسپکٹر مقصود احمد ولد غلام رسول ،اے ایس آئی زین الدین ،پولیس اہلکار علی حسن ولد محمد افضل ،سپاہی کامران فاروق ولد محمد یوسف اور سپاہی کلیم اللہ ولد حمید اللہ کے علاوہ نادر علی ولد محمد عالم ،عتیق ولد جمعہ خان خلجی ،علی گل ولد ثمر ،جاسم بادینی ولد مالا بخش،محمد عاطف ولد جمعہ خان ،لعل گل ولد عمر،عامر خان ولد پائند خان ،رزاق حبیب ولد حبیب اللہ اورعرفان اللہ ولد حبیب اللہ ساتگزئی ہنہ اوڑک شامل ہیں جنہیں شعبہ حادثات ابتدائی طبی امداد کے بعد ٹراما سینٹرل منتقل کردیا گیا ۔ اطلاع ملنے پر پولیس اور ایف سی کے اعلیٰ افسران بھی جائے وقوعہ اور سول اسپتال پہنچے۔ اسپتال میں بھی سیکورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے۔ بم ڈسپوزل کی دوسری ٹیم نے موقع پر پہنچ کرشواہد اکٹھے کئے اور ابتدائی رپورٹ میں بتایا ہے کہ دہشتگردوں نے پورے منصوبے کے ساتھ پولیس اہلکاروں کو نشانہ بنایا۔ دھماکا ریموٹ کنٹرول اور ٹائم ڈیواس کے کمبی نیشن سے ڈبل سرکٹ کے ذریعے کیا اور اس میں سات سے آٹھ کلو دھماکا خیزمواد استعمال کیا گیا۔ دریں اثناء وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری نے کوئٹہ میں بارودی مواد کو ناکارہ بناتے ہوئے بم ڈسپوزل اسکواڈ کے دو اہلکاروں کی شہادت اور دیگر کے زخمی ہونے پر دلی رنج و غم کا اظہار کیا ہے، انہوں نے کہا ہے کہ بم ڈسپوزل اسکواڈ کے بہادر اہلکاروں نے جرات کی نئی مثال قائم کی ہے، جنہوں نے اپنی جانوں کی پرواہ نہ کرتے ہوئے عوام کی جان و مال کے تحفظ کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیاماضی میں بھی ان اہلکاروں نے بارہا فرض شناسی کا مظاہرہ کرتے ہوئے بارودی مواد ناکارہ بناتے ہوئے معصوم انسانی جانوں کو بچایا تھا۔ انہوں نے بم ڈسپوزل اسکواڈ کے اہلکاروں کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ بہادر اہلکاروں کے اس کارنامے پر ہم انہیں سلام پیش کرتے ہیں، وزیراعلیٰ نے واقعہ میں زخمی ہونے والے اہلکاروں کو علاج و معالجے کی بہترین سہولتوں کی فراہمی کی ہدایت بھی کی ہے۔ وزیراعلیٰ نے شہید اہلکاروں کے لواحقین سے تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے اللہ تعالیٰ سے ان کے درجات کی بلندی اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کی ہے۔ درایں اثناء وزیراعلیٰ نے آئی جی پولیس سے واقعہ کی رپورٹ طلب کرتے ہوئے بارودی مواد نصب کرنے والے عناصر کی جلد گرفتاری کو یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے،گورنر بلوچستان محمد خان اچکزئی نے کوئٹہ میں سریاب روڈ پل کے قریب پہلے سے نصب بم کو ناکارہ بناتے ہوئے بم ڈسپوزل سکواڈ کے دو اہلکاروں سمیت تین افراد کے جاں بحق و دیگر کے زخمی ہونے پر رنج وا فسوس کا اظہار کرتے ہوئے اس واقعہ کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔ گورنر نے بم کو ناکارہ بنانے والے اہلکاروں کی جرات و بہادری پر انہیں خراج تحسین پیش کیاہے گورنر نے قانون نافذ کرنے والے اداروں کو ہدایت کی ہے کہ واقعہ میں ملوث افراد کو جلد ازجلد گرفتار کرکے کیفر کردار تک پہنچایا جائے۔ گورنر نے دھماکہ میں جاں بحق افراد کے لواحقین سے اظہار تعزیت کرتے ہوئے مرحومین کی مغفرت اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کی دعا کی ہے۔