کراچی:کثیر القومی بحری مشق امن 2017 منگل کو شمالی بحیرہ عرب میں فلیٹ ریویو اور شاندار سمندری چالوں کے ساتھ اختتام پذیر ہوگئی ہیں۔ مشق میں 37ممالک کی بحریہ نے مشترکہ عزم “امن کے لیے متحدکے تحت شرکت کی۔وزیرِاعظم پاکستان میاں محمد نواز شریف اس موقع پر مہمانِ خصوصی تھے۔ امیرالبحر ایڈمرل محمد ذکاء اللہ نے پاک بحریہ کے جہاز نصر پر آمد کے موقع پر مہمانِ خصوصی کا استقبال کیا۔وزیرِ دفاع، سیکرٹری دفاع، گورنر سندھ، وزیرِ اعلیٰ سندھ، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی، چیف آف آرمی اسٹاف، چیف آف ائیر اسٹاف، سرلنکا کے نیول چیف، وزیرِاعظم کے قومی سیکیورٹی کے ایڈوائزر، سفراء، قونصل جنرلز، سفارتکاروں اور دیگر اعلیٰ سول اور ملٹری حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔وزیرِاعظم کو اس مشق کے انعقاد اور اس کے آپریشنل زاویے کے متعلق بریفنگ دی گئی اور دن بھر میں ہونے والی سرگرمیوں کے بارے میں آگاہ کیا گیا۔
مہمانِ خصوصی نے مشق میں حصّہ لینے والے بحری جہازوں، ہوائی جہازوں، ہیلی کاپٹرز اور پاکستان ائیر فورس کے لڑاکا طیاروں کی جانب سے پیش کیے جانے والے مختلف آپریشنل مرحلوں کا معائنہ کیا۔ ان مرحلوں میں دو جہازوں کے درمیان replenishmentکے ذریعے سامان کا تبادلہ، راکٹ ڈیپتھ چارج کی فائرنگ اورمقررہ ہدف پر سطح سے سطح پر نشانے لگانے کی مشقیں شامل تھیں۔وزیر اعظم نواز شریف کو پاک بحریہ ،پاک فضائیہ کے مختلف جہازوں، ہیلی کاپٹرز اور جاپان کے P3C اورین جہازوں کی جانب سے شاندار فلائی پاسٹ بھی پیش کیا گیا۔دریں اثناء پاک بحریہ کی میزبانی میں کثیرالملکی بحری مشق امن 2017اختتام پزیرہوگئی ہیں۔اختتامی تقریب منگل کوکھلے سمندر میں پاک بحریہ کے جہاز پی این نصرمیں منعقد کی گئی ۔وزیراعظم میاں محمدنوازشریف تقریب کے مہمان خصوصی تھے ۔ پاک بحریہ کے سربراہ نیول چیف ایڈمرل محمدذکاء اللہ نے وزیراعظم سمیت دیگرمہمانوں کا استقبال کیا۔پاک فوج کے سربراہ جنرل قمرجاویدباجوہ اور پاک فضائیہ کے سربراہ ایئرچیف سہیل امان نے تقریب میں خصوصی طور پر شرکت کی ۔پاک بحریہ کے جہاز پی این نصر سے دیگرجہازوں کو فیول کی فراہمی کے علاوہ مشقوں میں شامل دیگرممالک کے جہازوں کے ساتھ باہمی رابطے،ہنگامی صورت حال اور جنگی حالات میں کسی بھی وار سے نمٹنے کے لیئے عملی مظاہرہ بھی کیا گیا۔وزیراعظم نے مشقوں کامعائنہ کیا۔تفصیلات کے مطابق منگل کو پاک بحریہ کی میزبانی میں منعقد ہونے والی پانچویں کثیرالملکی امن مشق 2017کی اختتامی تقریب کھلے سمندر میں پاک بحریہ کے جہاز پی این نصر میں منعقد کی گئی ۔
تقریب میں پاکستان کی تینوں مسلح افواج کے سربراہان ، غیرملکی سفیروں اور غیرملکی بحری افواج کے سربراہوں نے خصوصی شرکت کی ۔اختتامی تقریب کے موقع پر بحیرہ عرب پاکستانی شاہینوں کی گھن گرج سے گوج اٹھا۔ مشقوں کے دوران راکٹ ڈیتھ چارج فائر کے ذریعے آبدوزوں کونشانہ بنانے کا مظاہرہ بھی کیاگیا۔فارمیشن میں پاک بحریہ کے جہازشمشیر، اصلت اور نصر سب کی توجہ کا مرکز رہے۔پی این نصر سے پی این شمشیر اور پی این اصلت میں سمندر میں ہی ری فیولنگ کا مظاہرہ کیاگیا۔اس دوران مشقوں میں شامل دیگرممالک کے جہازوں نے وزیراعظم کوسلامی دی۔پاک بحریہ کے جہازوں کی جانب سے زیر آب اور سطح آب اہداف کو نشانہ بنانے کا شاندارمظاہرہ بھی کیاگیا۔پاکستان نیوی کے سی کنگ ہیلی کاپٹر زیڈ 9ای سی نے شاندار کارکردگی دکھائی جبکہ مشقوں میں پاک فضائیہ کے طیاروں جے ایف 17تھنڈراورمعراج طیاروں نے بھی حصہ لیا۔پاکستان اور جاپان کے پی تھری سے اورین ائر کرافٹ نے بھی فلائی پاسٹ کیا۔مشقوں میں ہاربر فیزمیں پاک بحریہ اوردیگر ممالک کی بحری افواج نے دہشت گردی سے نمٹنے کا عملی مظاہرہ کیا،دیگرآپریشنل مظاہروں میں فورسزنے دیئے گئے اہداف کوکامیابی سے حاصل کیا۔مشقوں کے دوران پیراٹروپنگ، ہیلی کاپٹرز سے ری فیولنگ اوردہشت گردوں کی کمین گاہوں کوتباہ کرنے کا شاندارمظاہرہ بھی کیا گیا۔