کوئٹہ:سیکریٹری زراعت عبدالرحمن بزدار نے کہاہے کہ زراعت وزرعی اجناس کی پیداوار میں اضافہ صوبائی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ یہ بات انہوں نے گذشتہ روز ڈائریکٹر جنرل زراعت توسیعی میں تمام اضلاع کے ڈپٹی ڈائریکٹرز سوائل فرٹیلیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل زراعت ندیم ارشاد، ڈائریکٹر جنرل زرعی ریسرچ جاوید ترین، ڈائریکٹر زراعت منصوبہ بندی انعام الحق کے علاوہ متعلقہ حکام وتمام اضلاع کے ڈپٹی ڈائریکٹر ز سوائل فرٹیلیٹی بھی موجودتھے۔ اس موقع پر سیکریٹری زراعت نے کہا کہ محکمہ زراعت حکومت بلوچستان کے پاس انسانی وسائل کی کوئی کمی نہیں۔ جبکہ عصرحاضر سے ہم آہنگ تکنیکی استعداد کار ووسائل کو ہمہ وقت محسوس کیا جاتا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ صوبے کے 14اضلاع میں قائم سوائل فرٹیلیٹی لیبارٹری سینٹرز کے آفیسران اس بات کو یقینی بنائیں کہ وہ ہر ماہ دس سے زائد پانی اور مٹی کے نمونے لے کر انہیں زرعی ریسرچ انسٹی ٹیوٹ میں بجھوائیں تاکہ اس بات کی نشاندہی ہوسکے کہ زمین کی زرخیزی اور اس میں موجود قدرتی اجزاء کا پتہ چل سکے جبکہ پانی کی کوالٹی کا بھی اندازہ لگایا جاسکے۔ کیونکہ اس بات کی ہمہ وقت نشاندہی کی گئی ہے کہ کسان ہمیشہ غلط طریقوں کا استعمال کرتے ہوئے پیداوار کی کمی اور دیگر حالات کا سامنا کرتے ہیں جس سے ایک طرف تو وسائل کا ضیاع ہوتا ہے تو دوسری طرف مجموعی زرعی پیداوار پر منفی اثرات مرتب ہوتے ہیں۔ انہوں نے احکامات دیتے ہوئے کہا کہ تمام ضلعی آفیسرز اور کسان کی اس مد میں رہنمائی کریں تاکہ وہ صحیح طریقوں کا استعمال کرتے ہوئے اپنی پیداور بڑھائیں۔ ۔