کوئٹہ:نوشم کوئل مائنز کے اجراء کے حوالے سے کوہلو میں قبائلی عمائدین پر مشتمل ایک شاندار اور پروقار جرگہ کی تقریب منعقد ہوئی۔ جس کی مشترکہ صدارت صوبائی وزیر آبپاشی نواب چنگیز مری اور میجر جنرل عابد لطیف خان نے کی۔ جرگے کا مقصد قبائل کے بیچ طویل عرصے سے جاری تنازعات کا پر امن حل اور علاقے میں معاشی سرگرمیوں کو فروغ دینا تھا صوبائی وزیر آبپاشی نواب چنگیز مری نے جرگہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تمام فریقین اس معاہدے کی کامیابی کے لیے اپنا کردار ادا کریں گے کیونکہ اس منصوبے سے سماجی اور معاشی طور پر انقلاب آئیگا۔ مقامی افراد کو روزگار کے مواقع میسر ہوں گے کول مائنز منصوبے سے ایک مخصوص رقم علاقے کے عمائدین پر مشتمل کمیٹی کی سفارشات پر لوگوں کی فلاح و بہبود کے منصوبوں پر خرچ کی جائیگی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے میجر جنرل عابدلطیف خان نے کہا کہ حکومت ترقیاتی عمل کو آگے بڑھاتے ہوئے معاشی سرگرمیوں میں اضافے اور روزگار کے مواقع پیدا کرنے کے لیے کوشاں ہے۔ قبائل باہمی تنازعات ختم کرکے صوبے کی ترقی میں اپنا حصہ ڈالیں۔ انہوں نے کہا کہ نوشم کول مائنز کا منصوبہ پاکستان خصوصاً بلوچستان کے غیور اور باصلاحیت عوام کی تقدیر بدل دیگا۔ اس موقع پر نواب چنگیز مری، مندانی، بجارانی، گزینی اور لوہارانی قبائل کے عمائدین نے اس تاریخی منصوبہ کو عملی جامہ پہنانے پر پاک فوج کا شکریہ ادا کیااور اس بات کا اعادہ کیا کہ وہ پاک فوج اور ایف سی کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں اور اس منصوبہ کی حفاظت اور ترقی میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں گے۔