|

وقتِ اشاعت :   February 26 – 2017

دبئی : پاکستان سپر لیگ کے تیسرے مرحلے میں پشاور زلمی نے دلچسپ مقابلے کے بعد کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 2 وکٹوں سے شکست دے دی۔ دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے پشاور زلمی کو جیت کے لئے 129 رنز کا ہدف دیا جسے ڈیرن سیمی الیون نے 8 وکٹوں کے نقصان پر دلچسپ مقابلے کے بعد حاصل کرلیا۔ پشاور زلمی کی جانب سے تمیم اقبال اور کامران اکمل نے اننگز کا آغاز کیا اور دونوں بلے بازوں کے درمیان 38 رنز کی شراکت قائم ہوئی تو تمیم اقبال 7 رنز بنا کر محمد اللہ کا شکار بن گئے جس کے بعد نئے آنے والے بلے باز مارلن سیموئلز بھی 7 رنز بنانے کے بعد پویلین لوٹ گئے۔ کامران اکمل 26، محمد حفیظ 22، شکیب الحسن ایک جب کہ کپتان ڈیرین سیمی اور صہیب مقصود بغیر کوئی رنز بنائے آؤٹ ہوئے۔ ایک موقع پر صرف 89 کے مجموعی اسکور پر پشاور زلمی کے 7 کھلاڑی پویلین لوٹ چکے تھے لیکن آٹھویں وکٹ پر شاہد آفریدی نے وہاب ریاض کے ساتھ آٹھویں وکٹ پر ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے شاندار بیٹنگ کی اور ٹیم کا اسکور 113 تک پہنچا تو وہاب ریاض ایک رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے جس کے بعد شاہد آفریدی نے جارحانہ بیٹنگ کا سلسلہ جاری رکھا اور 19.2 اوورز میں ہدف حاصل کرلیا۔ بوم بوم آفریدی نے 23 گیندوں پر 3 چھکوں اور 3 چوکوں کے ساتھ 45 رنز بنا کر ناقابل شکست رہے جب کہ حسن علی نے 8 رنز بنائے۔ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے محمد اللہ اور ٹیمال ملز نے 3،3 جب کہ محمد نواز نے ایک وکٹ حاصل کی۔ اس سے قبل پشاور زلمی کے کپتان ڈیرن سیمی نے ٹاس جیت کر کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی تو اسد شفیق اور احمد شہزاد نے اننگز کا آغاز کیا لیکن دونوں اوپنرز دوسرے ہی اوور میں محمد اصغر کا نشانہ بن گئے، کیون پیٹرسن اور روسوو نے تیسری وکٹ کے لیے 86 رنز کی شراکت قائم کی، پیٹرسن 41 اور روسوو 38 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ محمد نواز نے 18 رنز بنائے لیکن کپتان سرفراز احمد صرف 8 رنز ہی بناسکے جب کہ محمد اللہ بغیر کوئی رنز بنائے پویلین لوٹے۔ پشاور زلمی کی جانب سے محمد اصغر نے 3، حسن علی اور وہاب ریاض نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں۔ واضح رہے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز، اسلام آباد یونائیٹڈ اور پشاور زلمی کی ٹیمیں پہلے ہی پلے آف کے لیے کوالیفائی کرچکی ہیں۔