|

وقتِ اشاعت :   March 3 – 2017

دبئی: پاکستان سپر لیگ کے فائنل تک رسائی کیلیے جنگ آج ہوگی۔ پاکستان سپر لیگ کے پہلے پلے آف میں پوائنٹس ٹیبل پر سرفہرست پشاور زلمی کی ٹیم کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے ایک رن سے شکست دیدی تھی، اس مرحلے کے دوسرے میچ میں کراچی کنگز نے دفاعی چیمپئن اسلام آباد یونائیٹڈ کو 44رنز سے مات دیکر ایونٹ سے باہر کردیا جبکہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز تو اتوار کو لاہور میں شیڈول فائنل کا ٹکٹ کٹوا چکے ہیں۔ آج دبئی میں دوسری فائنسلٹ ٹیم کا اعزاز پانے کیلیے پشاور زلمی اور کراچی کنگز کا مقابلہ ہوگا۔ کراچی کے بابر اعظم 290 رنز کے ساتھ ایونٹ کے ٹاپ اسکورر اور تسلسل سے اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کررہے ہیں، شعیب ملک 202 رنز بنا چکے لیکن صرف ایک ففٹی اسکور کر پائے ہیں،کیرون پولارڈ 154، کرس گیل 120 اور روی بوپارا 113 رنز جوڑ چکے لیکن ان میں صرف ایک،ایک ہی اچھی اننگز شامل ہے، سہیل خان 15 وکٹیں لے کر ایونٹ کے کامیاب ترین بولر ہیں جبکہ اسامہ میر 12، محمد عامر 9، عماد وسیم 8 اور عثمان خان 6 پلیئرز کو آؤٹ کر چکے۔ ادھر پشاور زلمی کے کامران اکمل 209 رنز بنا کر ٹاپ بیٹسمینوں میں چھٹے نمبر پر ہیں، انھوں نے 48 گیندوں پر 88 رنز کی صورت میں ایونٹ کی دوسری بہترین اننگز بھی کھیلے، شاہد آفریدی 177رنز بناچکے، محمد حفیظ بھی پہلے پلے آف میں فارم بحال کرنے میں کامیاب ہوئے، انھوں نے مجموعی طور پر 141 رنز جوڑے ہیں۔ بولرز میں وہاب ریاض اور حسن علی 10،10 وکٹیں حاصل کر چکے ہیں۔ واضح رہے کہ لیگ مرحلے کے پہلے میچ میں پشاور زلمی نے کراچی کنگز کو 7وکٹ سے ہرایا تھا، دوسرے باہمی مقابلے میں شہر قائد کی ٹیم نے 9 رنز سے کامیابی حاصل کی تھی۔